شرقپور شریف میں میاں بیوی پراسرار طور پر ہلاک ، ڈاکٹروں نے زہریلی شے کھانے سے موت کا خدشہ ظاہر کر دیا

مقتولین ریاست علی اور ماجدہ بی بی کے جسم پر کوئی نشان موجود نہیں ، لاشیں پوسٹمارٹم کیلئے بھجوا کر تحقیقات شروع کر دی ہے ‘ پولیس

جمعہ 2 دسمبر 2016 14:13

شرقپور شریف /لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 دسمبر2016ء) شرقپور شریف میں میاں بیوی پراسرار طور پر ہلاک ہو گئے ، ڈاکٹروں نے کوئی زہریلی شے کھانے سے موت کا خدشہ ظاہر کر دیا ، پولیس نے دونوں لاشیں پوسٹمارٹم کے لئے بھجوا کر تحقیقات شروع کر دی۔ بتایا گیا ہے کہ شرقپور شریف کے علاقہ بھٹی ٹائون میں کرائے دار ریاست علی اپنی بیوی ماجدہ بی بی کے ہمراہ گزشتہ 6ماہ سے رہ رہا تھا ۔

گزشتہ روز ماجدہ بی بی اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائی گئی جسے فوری طور پر لاہور کے جناح ہسپتال لایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کر دی ۔ مقتولہ کی میت جب گائوں لائی گئی تو گھر میں موجود اس کا شوہر ریاست علی بھی مردہ حالت میں پایا گیا ۔ ڈاکٹرز نے کوئی رہریلی شے کھانے سے دونوں کی موت کا خدشہ ظاہر کیا ہے ۔

(جاری ہے)

واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس کی نفری مقتولین کے گھر پہنچی اور گھر سے شواہد اکٹھے کیے ۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولین کا تعلق بیہاری گائوں سے تھا اور وہ روزگار کے سلسلے میں گزشتہ6ماہ سے شرقپور شریف میں رہائش پذیر تھے ۔ مقتول ریاست علی ٹیوٹا چلا کر گھر کا خرچہ چلاتا تھا ۔ پولیس نے کہا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق دونوں کے جسم پر کوئی نشان موجود نہیں اور ان کی موت زہریلی شے کھانے سے واقعہ ہوئی ہے ۔ ابھی تک مقتولین کے ورثاء کی جانب سے کسی پر شک ظاہر نہیں کیا گیا جس کے باعث ابھی مقدمہ درج نہیں کیا تاہم دونوں لاشوں کو پوسٹمارٹم کے لئے بھجوا کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :