ایسا لگتا ہے جرائم پیشہ افراد نے کراچی سے لاہور کا رخ کر لیا ،شہریوں میں عدم تحفظ کا احساس بڑھتا جا رہا ہے ‘ میاں محمود الرشید

حکومت اپنی ترجیحات کو بدلے،اورنج ٹرین اور فلائی اوورز سے باہر نکل کر لوگوں کے جان و مال کا تحفظ کریں، ورنہ پنجاب کے عوام سڑکوں پر آنے پر مجبور ہو جائیں گے ‘ اپوزیشن لیڈر کی میڈیا سے گفتگو

جمعہ 2 دسمبر 2016 12:51

ایسا لگتا ہے جرائم پیشہ افراد نے کراچی سے لاہور کا رخ کر لیا ،شہریوں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 دسمبر2016ء) پنجاب اسمبلی قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ جرائم پیشہ افراد نے کراچی سے لاہور کا رخ کر لیا ، پنجاب میں امن و امان کی بدترین صورتحال ہے اور شہریوں میں عدم تحفظ کا احساس بڑھتا جا رہا ہے، حکومت اپنی ترجیحات کو بدلے ،اورنج ٹرین اور فلائی اوورز سے باہر نکل کر لوگوں کے جان و مال کا تحفظ کریں، ورنہ پنجاب کے عوام سڑکوں پر آنے پر مجبور ہو جائیں گے ۔

پنجاب اسمبلی کے احاطہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاہور میں چوری ڈکیتی اور قتل کی وارداتوں میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہورہا ہے، حکمران صرف شہریوں کو گردان سنا کر حوصلہ دے رہے ہیں۔ ہم کافی عرصے سے سن رہے ہیں پنجاب میں تھانہ کلچر کی تبدیلی، گڈ گورننس، کہاں ہیں اب تھانہ کلچر کی تبدیلی اور گڈ گورننس، میرا کہنا ہے کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ اپنی ترجیحات کو بدلیں۔

(جاری ہے)

اورنج لائن ٹرین اور فلائی اوورز سے باہر نکلیں۔ لوگوں کے جان و مال کا تحفظ کریں، ورنہ پنجاب کی عوام سڑکوں پر آنے پر مجبور ہوجائے گی۔انہوں نے کہا کہ لاہور میں ہر 10 منٹ کے بعد ڈکیتی ہورہی ہے، 50 فیصد لوگ وارداتوں پر صبر شکر کرکے گھر بیٹھ جاتے ہیں اور تھانوں میں ایف آئی آر درج نہیں کرواتے۔ شہریوں میں عدم تحفظ کا احساس بڑھتا جارہا ہے، ایسا لگتا ہے کہ جرائم پیشہ افراد نے کراچی سے لاہور کا رخ کرلیا۔انہوں نے کہا کہ ارکان اسمبلی بھی محفوظ نہیں ہیں تو عام آدمی کا کیا ہو گا۔