گراس روٹ کھیلوں کے مقابلوں سے ملک میں کھیلوں کا معیا ر بہتر ہو سکتا ہے، سید خاور شاہ

جمعہ 2 دسمبر 2016 11:24

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 دسمبر2016ء) پاکستا ن بیس بال فیڈریشن کے صدر سید خاور شاہ نے کہا ہے کہ گراس روٹ کھیلوں کے مقابلوں سے ملک میں کھیلوں کا معیا ر بہتر ہو سکتا ہے۔ پاکستان سپورٹس کمپلیکس میں اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان بیس بال فیڈریشن ملک میں کھیل کی ترقی کیلئے گراس روٹ سطح پر انٹر سکول انڈر12- بیس بال چیمپئن شپ کا اہتمام کرتی ہے اور رواں سال بھی 6 اور 7 نومبر لاہور میں منعقد کی گئی اس چیمپئن شپ کے دوران 21 کھلاڑیوں کا انتخاب میرٹ کی بنیاد پر کیا گیا ان کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ لاہور میں جاری ہے اور تربیتی کیمپ میں قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصدق حنیف کے ہمراہ عاقب شیرازی اور فرحان رشید ان کھلاڑیوں کو جدید اور اعلیٰ تربیت دے رہے ہیں اور کھلاڑیوں کی فزیکل فٹنس پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان کھلاڑیوں میں سے 15 رکنی قومی انڈر12- ٹیم تشکیل دی جائے گی جو 8 سے 14 دسمبر تک چین میں کھیلی جانے والی 9 ویں ڈی ایف اے ایشین بیس بال چیمپئن شپ میں شرکت کرے گی اور15 رکنی قومی ٹیم کیلئے کھلاڑیوں کا اعلان 6 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔ 20 رکنی پاکستانی دستہ چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے 8 دسمبر کو چین کیلئے روانہ ہوگا جو کہ 15 کھلاڑیوں، چار آفیشلز اور ایک امپائر پر مشتمل ہوگا اور پاکستان اپنا پہلا میچ 9 دسمبر کو کھیلے گا اور چیمپئن شپ میں شرکت کے بعد قومی ٹیم 15 دسمبر کو واپس وطن پہنچے گی۔

چیمپئن شپ میں آٹھ ممالک کی ٹیمیں شرکت کریں گی جن میں پاکستان، میزبان چین، جاپان، کوریا، تائیوان، منگوالیا، انڈونیشیاء اور ہانگ کانگ شامل ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کوئی بھی کھیل حکومتی اور سپانسر کی سرپرستی کے بغیر ملک میں ترقی نہیں کر سکتا اور حکومت دیگر کھیلوں کی طرح بیس بال کے کھیل پر توجہ دے تو انٹرنیشنل سطح پر بہتر رزلٹ شامل آ سکتے ہیں۔

ملک میں بیس بال کے کھیل کے فروغ کیلئے سوال کے جواب میں سید خاور شاہ نے کہا کہ ہائرایجوکیشن کمیشن ہر سال انٹر یونیورسٹی چیمپئن شپ کا انعقاد کر رہی ہے اور سکولز، کالجز کی سطح پر ابھی مقابلے نہیں ہورہے ہیں بلکہ پاکستان بیس بال فیڈریشن لاہورمیں انٹرسکول انڈر12- چیمپئن شپ کروا رہی ہے اس کے علاوہ ہر سال مردوں اور خواتین کی قومی بیس بال چیمپئن شپ کا انعقاد بھی باقاعدگی سے کیا جا رہا ہے۔