ہارٹ آف ایشیاء کانفرنس میں پاکستان کی شرکت کو کمزوری سمجھنا بھارت کا غیر دانشمندانہ طرز عمل ہو گا،ایاز وزیر

جمعہ 2 دسمبر 2016 11:05

اسلام آباد ۔02 نومبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 دسمبر2016ء) سابق سفیر ایاز وزیر نے کہا ہے کہ ہارٹ آف ایشیاء کانفرنس میں پاکستان کی شرکت کو کمزوری سمجھنا بھارت کا غیر دانشمندانہ طرز عمل ہو گا، پاکستان کمزور ملک نہیں اپنا دفاع کرنا جانتا ہے۔ ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ 2011ء میں قائم کی جانے والی والی ہارٹ آف ایشیاء تنظیم کا مقصد افغانستان میں قیام امن تھا اور اس وقت تنظیم میں یہ طے پایا تھاکہ افغانستان میں قیام امن کے لئے تمام رکن ممالک اپنا اپنا کردار ادا کریں گے تاہم اس سلسلہ میں تنظیم کو کبھی بھی کامیابی حاصل نہیں ہوئے اور آج تک اس تنظیم کو ایک مرتبہ کامیابی حاصل ہوئی جب پاکستان میں افغانستان،امریکا،چین اورپاکستان پر مشتمل کمیٹی بنائی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ افغان حکومت اور طالبان میں مذاکراتی عمل کرایا جائے اور اس سلسلہ میں پہلا مذاکراتی سیشن مری میں ہوا تاہم اس کے بعد یہ سلسلہ سبوتاژ ہو گیا۔

(جاری ہے)

سابق سفیر نے کہا کہ اس کے باوجود ہارٹ آف ایشیاء ایک اچھا فورم ہے اگر خلوص نیت کے ساتھ کام کیا جائے تو افغان حکومت اور طالبان میں مذاکرات کرائے جاسکتے ہیں۔ ایاز وزیر نے کہا کہ تنظیم کے تمام رکن ممالک افغانستان میں قیام امن کی ذمہ داری پاکستان کو سونپتے ہیں، گوکہ پاکستان کے افغانستان سے گہرے تعلقات ہیں اس کے باوجود رکن ممالک مل کر کوشش کریں تو مذاکرات کا عمل شروع کرایا جاسکتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ طالبان افغان ہیں اور مذاکرات جبرا،ْ نہیں کرائے جاسکتے،انھوںنے کہا کہ چند روز قبل حکمت یار کی جانب سے مذاکرات کے لئے مشروت رضامندی ظاہر کی گئی ہے جس کے لئے امریکا کو حکمت یار کو بلیک لسٹ سے نکالنا ہوگا۔ سابق سفیر نے کہا کہ اگر افغان طالبان بھی چاہیں تو آگے بڑھ سکتے ہیں۔پاکستان کی امرتسر میں ہونے والی ہارٹ آف ایشیاء کانفرنس میں شرکت کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کا جوب دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی ہمیشہ سے مثبت سوچ رہی ہے اور پاکستان بھارت کے ساتھ ویسا سلوک نہیں کرنا چاہتا جو اس نے پاکستان کے ساتھ کیا۔

انھوں نے کہا کہ بھارت کے رویہ سے اس کی دنیا میں جگ ہنسائی ہوئی ہے تاہم پاکستان ہارٹ آف ایشیاء میں بھرپور شرکت کرے گا ۔انھوں نے کہا بھارت ہارٹ آف ایشیاء کانفرنس میں پاکستان کی شرکت کو کمزوری سمجھے تو یہ اس کی کم عقلی ہے، پاکستان کمزور ملک نہیں اپنا دفاع کرنا جانتا ہے۔

متعلقہ عنوان :