Live Updates

تحریک انصاف ہم پر جھوٹے اور بے بنیاد الزامات لگا رہی ہے،پانامہ پیپرز سمیت ہمارے اوپر جتنے بھی الزامات لگائے گئے کسی ایک کا بھی ثبوت عدالت میں پیش نہ کیا جا سکا،ہمیں قیاس آرائیوں کی بجائے سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار کرنا چاہیے

وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کا ٹی وی چینل کے پروگرام میں اظہار خیال

جمعرات 1 دسمبر 2016 23:31

اسلام آباد ۔ یکم دسمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 دسمبر2016ء) وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ عدالت کی روزمرہ کی کارروائی کے ریمارکس اس بات کا تعین نہیں کرتے کہ کیس کس طرف جا رہا ہے اس لیے ہمیں خود سے قیاس آرائیاں کرنے سے گریز کرنا چاہیے اور عدالت عظمیٰ کے فیصلے کا انتظار کرنا چاہیے، جمعرات کو ایک ٹی وی چینل کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ہم پر جھوٹے اور بے بنیاد الزامات لگا رہی ہے اور انہوں نے پانامہ پیپرز سمیت ہمارے اوپر جتنے بھی الزامات لگائے ان میں سے کسی ایک کا بھی کوئی ثبوت آج تک عدالت میں پیش نہیں کر سکے، انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے پاس کوئی ٹھوس ثبوت موجود ہی نہیں یہ لوگ بس پیشن گوئیوں اور قیاس آرائیوں پر ہی لگے ہوئے ہیں، پاکستان تحریک انصاف کی قیادت قوم کو گمراہ کر رہی ہے اور قوم کا اور عدالت عالیہ کا قیمتی وقت ضائع کر رہی ہے جس کا لوگوں کو بخوبی علم ہو چکا ہے، وزیر مملکت کاکہنا تھا کہ ہم اپنے اوپر لگنے والے تمام الزامات کا عدالت میں جواب دیں گے، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی رجسٹرڈ ٹرسٹ ڈیڈ عدالت عالیہ میں جمع کرائی جا چکی ہے جس پر مزید بحث نہیں کی جا سکتی، مریم نواز شریف وزیراعظم محمد نواز شریف پر انحصار نہیں کرتیں کیونکہ انکی شادی ہو چکی ہے ،لہٰذا انہیں سامنے رکھ کر وزیراعظم محمد نواز شریف کو نشانہ بنانے کی تحریک انصاف کی بات نہیں بنے گی، انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے سنجیدہ حلقوں کو یہ معلوم ہے کہ وہ اندر سے پھنس چکے ہیں لیکن ان کی قیادت نہ مانوں کی ضد پر اٹکی ہوئی ہے، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ تحریک انصاف کا سڑکوں پر آنے کی بجائے عدالت کے ذریعے معاملات کے حل کے لیے کوشش کرنے کا عمل خوش آئند ہے کیونکہ ان کی سڑکوں پر نکل کر بلاوجہ احتجاج اور دھرنے کی پالیسی اور طرز سیاست سے ملک و قوم کا کافی نقصان ہو رہا تھا، پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری بھی متاثر ہو رہی تھی جس سے ملکی معیشت کا بھی کافی نقصان ہو رہا تھا لیکن اب ان کا عدالت میں جانے کا فیصلہ خوش آئند ہے اس لیے عدالت عظمیٰ اس حوالے سے جو بھی فیصلہ کرے گی ہم سب کو اسے قبول کرنا چاہیے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات