زکریایونیورسٹی میں چارروزہ خطبات ِفقہ بعنوان ’’فقہ اسلامی اور ملت ِاسلامیہ کا علمی وفکری ارتقاء‘‘کاانعقاد

جمعرات 1 دسمبر 2016 23:28

ملتان۔یکم دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 دسمبر2016ء)اسلامک ریسرچ سنٹر ، بہاء الدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے زیراہتمام چار روزہ خطبات ِفقہ بعنوان ’’فقہ اسلامی اور ملت ِاسلامیہ کا علمی وفکری ارتقاء‘‘کا پروگرام منعقد کیا گیا۔پروگرام کے دوسرے سیشن کی صدارت پروفیسر ڈاکٹرطاہر امین وائس چانسلر بہاء الدین زکریا یونیورسٹی ملتان نے کی ۔

انہوںنے موضوع کے حوالے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عصر حاضر میں اجتہادی خلا معاشرے میں موجود ہے۔دنیا تیزی سے بدل رہی ہے لہٰذا اجتہاد کے بغیر اسلام کا اصل منظر نامہ بیان نہیں کیا جاسکتا۔ انتہا پسندی کو ختم ہونا چاہیے کیونکہ انتہا پسندی نے اسلام کو نقصان پہنچایا ہے اور علامہ اقبال کے نزدیک اسلام انسانیت کا پیغا م ہے ۔

(جاری ہے)

لہٰذا مسلم اُمہ میں ایسے مفکر اور دانشوروں کی شدید ضرورت ہے جو قدیم وجدید کو ساتھ لے کر آگے چلنے کا حوصلہ رکھتے ہوں۔

انہوںنے مزید کہا کہ اجتہاد اگرچہ مشکل کام ہے لیکن اللہ تعالیٰ نیت کی بنیاد پر اجر عطا فرماتے ہیں۔انہوںنے کہا کہ پروفیسر ڈاکٹر عبدالقدوس صہیب ڈائریکٹر اسلامک ریسرچ سنٹر نے عصر ی ضرورت کے مطابق خطابات فقہ کی اچھی سیریز کا اہتمام کیا ہے جس کے لیے وہ مبارک باد کے مستحق ہیں اور اُمید کرتے ہیں کہ مستقبل میں بھی اسلامک ریسرچ سنٹر اسی طرح علمی وفکری خطبات کا سلسلہ جاری رکھے گا ۔

انہوںنے معروف دینی سکالرجناب پروفیسر ڈاکٹر محمدیوسف فاروقی، سابق ڈائریکٹر جنرل/ڈین شریعہ اکیڈمی ،بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی، اسلام آبادکا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ معروف دینی سکالر پروفیسر ڈاکٹر محمدیوسف فاروقی نے دوسرے روز کے دوسرے خطبے میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج یکم ربیع الاول ہے اور ربیع الاول کا فقہ سے گہرا تعلق ہے ۔

قلب انسان کے اندر ایمان اور فہم کی روشنی نہایت ضروری ہے اب تکمیل دین کے بعد تفہیم دین کی بھی بہت ضرورت ہے۔ فقہ کا آغاز عہدرسالت ؐسے ہی ہوگیا تھا اور ان فقہی حضرات کی تربیت آپؐ نے خود فرمائی تھی فقہ کا دائرہ تمام شعبہ ہائے زندگی میں رہنمائی کرتا ہے لیکن فتویٰ کا حق صرف فقہی کو ہی حاصل ہے۔ اس لیے تمام اہم حکومتی عہدہ داران کا مجتہد ہونا ضروری ہے۔ نیز دستور پاکستان بھی فقہ کی کتاب کے طور پر مدارس میں پڑھایا جانا چاہیے۔ پروگرام کے دوسرے سیشن کی صدارت ڈاکٹر محمد ادریس لودھی ، پروفیسر شعبہ علوم اسلامیہ، بہاء الدین زکریا یونیورسٹی ملتان نے کی۔