مختلف چوکوں ‘ یوٹرن ‘ سلپ روڈز کی ری ماڈلنگ کیلئے ترقیاتی پلان کو حتمی شکل دی جارہی ہے

جمعرات 1 دسمبر 2016 23:26

فیصل آباد۔یکم دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 دسمبر2016ء)ضلعی انتظامیہ کی طرف سے شہر میں ٹریفک کے بہائو کو بہتر بنانے اور شاہرات پر حادثات کی روک تھام کے لئے منصوبہ بندی کو تیزی سے آگے بڑھایا جارہا ہے اس سلسلے میں مختلف چوکوں ‘ یوٹرن ‘ سلپ روڈز کی ری ماڈلنگ کے لئے ترقیاتی پلان کو حتمی شکل دی جاری ہے۔ ڈی سی او سلمان غنی نے شہر میں عمدہ ٹریفک مینجمنٹ کے پروگرام کا زمینی حقائق کے مطابق جائزہ لینے کے لئے مختلف شاہراہوں / علاقوں کا ہنگامی طور پر تفصیلی دورہ کیا۔

ریذیڈنٹ انجینئر نیسپاک امجد سعید ‘ ڈی او ( روڈز ) افتخار احمد ‘ ٹیپا کے ٹریفک انجینئر شعیب شیخ ‘ محکمہ مال کے افسران و دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ ڈی سی او نے موقع پر جا کر کینال روڈ پر کشمیر پل پر ٹریفک بہائو کا جائزہ لیا اور اس امر کا مشاہد کیا کہ جھمرہ روڈ اور ہائوسنگ کالونیز کو ملانے والے اس پل پر ٹریفک کے آسان بہائو کے مستقل حل کے لئے انڈر پاس کی تعمیر ناگزیر ہے تاہم فوری طور پر عارضی حل تلاش کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے انجینئرز کو ہدایت کہ اس پل پر ٹریفک حادث کے سدباب کے لئے قابل عمل ڈیزائننگ تیار کریں تاکہ اس پر عمدرآمد کرکے شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے ۔ ڈی سی او جڑانوالہ روڈ پر تیزاب ملز چوک میں بھی گئے اور وہاں پر بے ہنگم ٹریفک کو کنٹرول کرنے کے لئے ٹریفک پولیس سے تجاویز طلب کیں ۔ انہوں نے چوک کی ری ماڈلنگ کے منصوبہ بندی کی ہدایت کی ۔

انہوں نے بشیر نظامی چوک ‘ چناب کلب چوک اور سرگودھا روڈ پر لاثانی پلی چوک ‘ باوا چک چوک ‘ سمانہ پل ‘ نلکہ کوہالہ سٹاپ کا بھی دورہ کیا اور انجینئرز کے ساتھ یوٹرنز کی ری لوکیشن سمیت چوکوں اور پلوں کو کشادہ کرنے کا تفیصلی جائزہ لیا ۔ انہوں نے کہا کہ سرگودھا روڈ پر ٹریفک کے بڑھتے ہوئے دبائو کے پیش نظر اس شاہراہ کی موثر انداز میں ری ماڈلنگ کے لئے مستقبل کے تقاضوں کے مطابق جامع منصوبہ بندی کی جارہی ہے ۔

انہوں نے محکمہ شاہرات اور ایف ڈی اے کے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ سرگودھا روڈ پر جرسی بیریئرز کو مخصوص رنگ و رغن کرنے کے علاوہ ناجائز تجاوزات کے خاتمے ‘ فالتو میٹریل کو اٹھانے کی ہدایت کی ۔ ڈی سی او نے کہا کہ شاہرات پر غیر قانونی ‘غیر ضروری ‘ بلاجواز اور حادثاث کا باعث بننے والے یوٹرنز کا خاتمہ کریں اور ڈرائیورز کی رہنمائی کے لئے بیریئر پر ریفلکٹرز آویزاں کئے جائیں ۔ انہوں نے چناب کلب چوک ‘بشیر نظامی چوک ‘ غاری عبدالرشید چوک ‘ جھنگ روڈ پر چناب چوک ‘سوساں روڈ چوک اور دیگر شاہرات پر مختلف چوکوں کی ٹریفک انجینئرنگ کے مطابق ڈیزائننگ کی ہدایت کی ۔ ٹیپا کے انجینئر شعیب شیخ نے موقع پر بعض چوکوں کی تیار کردہ ڈئزائننگ کی تفصیلات کے بارے میں بتایا ۔