جنرل بس سٹینڈ کے انتظامی و حفاظتی امور کو بہتر بنانے کیلئے جامع منصوبہ بندی کی ہدایت

جمعرات 1 دسمبر 2016 23:26

فیصل آباد۔یکم دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 دسمبر2016ء)ڈویژنل کمشنر مومن آغا نے جنرل بس سٹینڈ کے انتظامی و حفاظتی امور کو بہتر بنانے کے لئے جامع منصوبہ بندی کی ہدایت کی ہے ۔ انہوں نے ایک اجلاس کے دوران شہر میں اربن ٹرانسپورٹ اور مسافروں کے لئے انٹرسٹی روٹس پر ٹرانسپورٹ کی سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ وسیع و عریض مقامی جنرل بس سٹینڈ کے انتظامی امور کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے ہمہ نوعیت کے اقدامات ناگزیر ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ بین الاضلاعی روٹس پر مسافر بسوں کی آمد و رفت کا باقاعدہ ریکارڈ مرتب ہونا چاہے اور ہر مسافر وین اور بس ہر طرح سے فٹ اور ڈرائیور صحت مند ہونا چاہئے تاکہ حادثات کا ااحتمال نہ رہے ۔ انہوں نے جنرل بس سٹینڈ میں صفائی کے نظام کو بہتر بنانے ‘ مسافروں کے لئے ٹائلٹس صاف ستھرے اور نظم و ضبط برقرار رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سیکورٹی امور پر ذمہ دارانہ انداز میں توجہ دی جائے اس ضمن میں سی سی ٹی وی کیمروں کو فعال رکھنے کے علاوہ سیکورٹی گارڈ چوکس اور بسوں کے داخلی و خارجی راستے کے علاوہ عقبی حصے میں راستوں پر گیٹ لگائے جائیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے دکانوں پر کھانے پینے کی اشیاء کے معیار کو باقاعدگی سے چیک کرنے اور قیمتوں کو کنٹرول رکھنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ مشکوک افراد اور نوسربازوں پر کڑی نظر رکھی جائے ۔انہوں نے رات کے اوقات میں روشنی کے خاطر خواہ انتظامات کے علاوہ جنرل بس سٹینڈ میں ورکشاپ / ہوٹل کی پڑتال کرنے کی تاکید کی اور کہا کہ فیسوں وغیرہ کی وصولی کے حوالے سے مالیاتی امور کو شفاف رکھا جائے۔ انہوں نے سیکرٹری آرٹی اے اور ایڈمنسٹریٹر جنرل بس سٹینڈ کو ہدایت کی کہ مسافروں کی اوور لوڈنگ اور کرایوں کی اوور چارجنگ کی سختی سے حوصلہ شکنی کریں اور ٹرانسپورٹ کے امور میں بدنظمی نہیں چاہئے ۔ ڈی سی او سلمان غنی نے جنرل بس سٹینڈ کے معاملات کو مزید بہتر بنانے کی یقین دہانی کرائی ۔