ایف پی سی سی آئی انتخابات کیلئے انتخابی مہم جاری‘مخالفین بوکھلاہٹ کا شکار ہیں‘بزنس کمیونٹی بہرپیوں کو بھاگنے کا موقع نہیں دیگی

پاکستان بزنس گروپ (پی بی جی) کے چیئرمین مہتاب الدین چاولہ کا بیان

جمعرات 1 دسمبر 2016 23:17

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 دسمبر2016ء)پاکستان بزنس گروپ (پی بی جی) کے چیئرمین مہتاب الدین چاولہ ،ایف پی سی سی آئی کے انتخابات کے لیے پی بی جی اور بزنس مین پینل کے مشترکہ صدارتی امیدوار عبدالرحیم جانو ،یحییٰ پولانی ،عبدالوحید شاہ اور دیگر نے کہا ہے کہ بزنس مین پینل اور پاکستان بزنس گروپ کی ایف پی سی سی آئی کے انتخابات کے لیے انتخابی مہم شائستگی کے ساتھ جاری ہے ۔

ملک بھر کی تاجر تنظیموں کی جانب سے ہم پر اعتماد کا بھرپور اظہار کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے مخالفین بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئے ہیں اور انتخابات سے راہ فرار اختیار کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔بزنس کمیونٹی اپنے مفادات کا سودا کرنے والے ان بہروپیوں کو بھاگنے کا موقع نہیں دے گی اور انہیں اپنے ایک ایک عمل کا حساب دینا ہوگا ۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز جاری ایک بیان میں پاکستان بزنس گروپ کے رہنماؤںنے کہا کہ پاکستان بزنس گروپ اور بزنس مین پینل خدمت کے جذبہ سے سرشار ہیں اور ہمارے لیے بزنس کمیونٹی کی فلاح و بہبود ہر چیز سے مقدم ہے ۔

ہمارا ماضی اور حال گواہ ہے کہ تاجروں و صنعت کاروں کے مسائل کے حل کیلئے ہمارے رہنما صف اول میں شامل رہے ہیں ۔ہم نے سڑکوں سے لے کر حکومتی ایوانوں تک ان کے مسائل کے حوالے سے آواز اٹھائی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مخالفین کے پاس بزنس کمیونٹی کو دینے کے لیے جھوٹے نعروں کے سوا کچھ نہیں ہے ۔انہوںنے پہلے بھی سنہرے خواب دکھا کر بزنس کمیونٹی کا مینڈیٹ حاصل کیا اور پھر حکومتی عہدوں کے لیے اس مینڈیٹ کا سودا کرلیا ۔

یو بی جی کے نام نہاد رہنماؤں کا اصل چہرہ بزنس کمیونٹی کے سامنے عیاں ہوچکا ہے اور ایف پی سی سی آئی کے انتخابات میں عبرتناک شکست کے بعد ان کے لیے منہ چھپانا بھی مشکل ہوجائے گا ۔پاکستان بزنس گروپ کے رہنماؤں نے کہا کہ مخالفین اپنا کوئی منشور دینے کی بجائے پی بی جی اور بی ایم پی کے رہنماؤں کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈا مہم چلارہے ہیں جس سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ ان کے پاس بزنس کمیونٹی کو دینے کے لیے کچھ نہیں ہے ۔

انہوںنے بزنس کمیونٹی کے کاندھوں پر سوار ہو کر محض اپنے مفادات حاصل کرنے کے لیے کام کیا ہے اور اقتدار کی غلام گردشوں میں ایسے گم ہوئے ہیں کہ انہیں اپنے محسنوں کے نام تک یاد نہیں ہیں ۔پی بی جی کے رہنماؤںنے کہا کہ ایف پی پی سی سی آئی انتخابات کے لیے مرحلہ وار انتخابی مہم کو آگے بڑھایا جائے گا اور ملک کے ہر حصے میں جا کر ہم اپنے منشور سے بزنس کمیونٹی کو آگاہ کریں اور ان سے مشاورت کریں گے ۔

ہم ’’سولوفلائٹ ‘‘ کے قائل نہیں ہیں اور نہ ہی مخالفین کی طرح ہمارے گروپ میں فرد واحد کی آمریت ہے ۔انہوںنے کہا کہ ایف پی پی سی آئی کے انتخابات میں پی بی جی اور بی ایم پی کی کامیابی روز روشن کی طرح عیاں ہے اور یو بی جی نے ابھی سے نوشتہ دیوار پڑھ لیا ہے ۔مخالفین بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اور ملک کی معیشت کو کسی چوہے کی طرح کترنے والوں کو اس حقیقت کا ادراک ہوگیا ہے کہ اب ان کا اپنے بلوں میں واپس جانے کا وقت آگیا ہے ۔

بزنس کمیونٹی ملکی معیشت کو کھوکھلا کرنے والوں کو راہ فرار اختیار نہیں کرنے دے گی اور ان کو اپنے ایک ایک عمل کا حساب دینا ہوگا ۔پاکستان بزنس گروپ کے رہنماؤں نے یوبی جی کے رہنماؤں کو مشورہ دیا کہ وہ انتخابات میں حصہ لینے کی بجائے وہ اپنے گناہوں کی معافی مانگیں اور وہ اگر ایسا نہیں کرتے ہیں تو انتخابی چلانے سے بہتر ہے کہ وہ کینیڈا کا پیشگی ٹکٹ کرالیں،کیونکہ اب کا ان کا اس ملک میں کوئی مستقبل نہیں ہے۔