حکومت آئے روز عوام پر کوئی نہ کوئی بم گرا دیتی ہے، رکن تحریک انصاف پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل راناکا پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ پر ردِ عمل

جمعرات 1 دسمبر 2016 23:12

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 دسمبر2016ء) پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا نے پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ پر شدید ردِ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت آئے روز عوام پر کوئی نہ کوئی بم گرا دیتی ہے۔ گزشتہ روز اپنے دفتر میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سفارش اور تعلقات کے کلچر نے عام آدمی پر ترقی کے دروازے بند کردیئے ہیں۔

جس نے معاشرے میں مایوسی اور محرومی کو جنم دیا ہے، مسلم لیگ ن کی حکومت جمہوری ہے نہ ہی آئین کی روشنی میں اپنا فریضہ انجام دے رہی ہے، ایڈہاک کی بنیاد پر کام کرنے والی موجودہ حکومت دیرپا بنیادوں پر ملک میں معاشی ترقی اور سماجی خوشحالی کی ضمانت نہیں دے سکی اس لئے عوام ملک میںحقیقی تبدیلی کے لئے بے چین ہیں،نیز عوام معاشی تحفظ کی خاطر تبدیلی چاہتے ہیں، عوام کے روز مرہ کے سماجی ومعاشی معاملات انتہائی دگرگوں ہوچکے ہیں۔

(جاری ہے)

مہنگائی اور بے روزگاری نے عوام کی پریشانیوں میں بے پناہ اضافہ کردیاہے، موجودہ حکومت اس صورتحال کا ازالہ کرنے میں ناکام نظر آرہی ہے۔اقتدار پر قابض اشرافیہ ان حالات میں بہتری لانے کے لئے نہ تو کوئی فکر رکھتی ہے اورنہ ہی کوئی حکمت عملی ، وہ صرف اپنے خاندان اور دوستوں کے لئے کام کررہی ہے، جبکہ خلق خدا بھوک وافلاس کی اذیتوں کے اندھیروں میں بھٹک رہی ہے۔