کورنگی بلال کالونی میںقبرستان کی جگہ پر لینڈ مافیا کا قبضہ،علاقہ مکینوں کی ایس ایس پی کورنگی اور ڈی سی کورنگی سے کارروائی کا مطالبہ

جمعرات 1 دسمبر 2016 23:07

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 دسمبر2016ء) کورنگی بلال کالونی میںقبرستان کی جگہ پر لینڈ مافیا نے قبضہ کرکے تعمیرات کا کام شروع کرادیا،علاقہ پولیس نذرانہ کے عوض خاموشی اختیار کرلی،علاقہ مکینوں کی ایس ایس پی کورنگی اور ڈی سی کورنگی سے کارروائی کا مطالبہ،اس واقع کی انکوائری ایس پی لانڈھی کو دی ہے جلد کارروائی ہوگی،ایس ایس پی کورنگی نعمان احمد صدیقی۔

تفصیلات کے مطابق کورنگی انڈسٹریل ایریا تھانے کی حدود کورنگی بلال کالونی سیکٹر 8/Cمین بازار کے قریب واقع بلال کالونی قبرستان کی جگہ پر لینڈ مافیا ایک بار پھر سرگرم ہوگئی،لینڈ مافیا کے سرغنہ ملک صٖفدرنے قبرستان اور روڈ کی جگہ پر 4دکانیں تعمیر کرانے شروع کردی،اس اطلاع پر علاقہ پولیس نے ایک دن کام رکوایا تاہم نذرانہ کے عوض دوبارہ کام شروع کرادیا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق ملک صفدر ایک بااثر شخص ہے جس کی وجہ سے علاقہ مکین سخت پریشانی میں مبتلا ہورہے ہیں۔علاقہ مکینوں نے نام نا ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ ملک صفدر کی اسی روڈ پر واقع موبائل مارکیٹ کا مالک ہے اور اس کے سی ٹی ڈی اور تھانے میں اچھے مراسلے ہیں،اس سے قبل یہاں بننے والی دکانوں کو اینٹی ایکروچمنٹ کئی مرتبہ مسمار کرچکی ہے تاہم اس دفعہ ملک صفدر نے حد کردی اس نے قبرستان اور روڈ کی جگہ پر دکانیں بنا کرروڈ کو کلوز کردیا ہے جس کی وجہ سے آنے والے وقت میں ٹریفک کی رونگی بھی متاثر ہوگی۔

مکینوں نے ایس ایس پی کورنگی نعمان احمد صدیقی، ڈی سی کورنگی ،ڈریکٹر اینٹی ایکروچمنٹ اور یوسی چیئر مین عبدالرحمن سے اپیل کی ہے کہ قبرستان اورروڈ کی جگہ پر قبضہ کرنے والی مافیا کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے،اس ضمن میںایس ایس پی کورنگی نعمان صدیقی سے رابطہ ہوا تو اس کاکہنا تھا کہ قبرستان اور روڈ کی جگہ پر قبضے کے حوالے سے انکوائری ایس پی لانڈھی کو دی ہے اور جلد کارروائی ہوگی۔