عدالت سے درخواست کریں گے کہ پانامہ لیکس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کی جائے یہ مزید تین چار پیشی سے زیادہ کا معاملہ نہیں ہے ، وزیراعظم کے مشیر بیرسٹر ظفر اللہ کی نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو

عدالت کو روزانہ سماعت کی درخواست مل کر دیتے ہیں پھر معاملہ جس طرف بھی جاتا ہے جائے، اگر نوازشریف کا پیسہ واپس آیا تو پاکستان کا تمام قرض اتنے کے بعد بھی پیسہ بچ جائے گا ،پی ٹی آئی رہنما عارف علوی

جمعرات 1 دسمبر 2016 23:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 دسمبر2016ء) وزیراعظم کے مشیر بیرسٹر ظفر اللہ نے کہا ہے کہ عدالت سے درخواست کریں گے کہ پانامہ لیکس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کی جائے یہ مزید تین چار پیشی سے زیادہ کا معاملہ نہیں ہے جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عارف علوی کا کہنا ہے کہ عدالت کو روزانہ سماعت کی درخواست مل کر دیتے ہیں پھر معاملہ جس طرف بھی جاتا ہے جائے ۔

وہ جمعرات کو نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کر رہے تھے ۔ بیرسٹر ظفر اللہ نے کہا کہ میں نے سیاست پڑھی ہے ، پیشگوئیاں نہیں پڑھیں ، تھوڑا اور انتظار کر لیں بے صبری کس چیز کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عدالت سے درخواست کریں گے کہ روزانہ کی بنیاد پر پانامہ کیس کی سماعت کرے تاکہ مزیر تین چار پیشی میں معاملہ ختم ہو جائے گا ۔

(جاری ہے)

بیرسٹر ظفر اللہ نے کہا کہ اب سب کو آف شور کمپنیوں کا بتانا پڑے گا، پانامہ یلکس کی تحقیقات کے لئے ٹی اوآرز پر ہماری کوئی بدنیتی نہیں تھی ۔

تحریک انصاف کے رہنما عارف علوی نے کہا کہ حکومت کاروباری شخصیات کو پکڑنے کے لئے تیار ہے مگر سیاستدانوں کو پکڑنے کے لئے تیار نہیں ہے ، ہنڈی کے ذریعے پیسہ ملک سے باہر جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ روزانہ سماعت کی درخواست مل کر عدالت کو دیتے ہیں پھر معاملہ جس طرف جاتا ہے جائے اور فیصلہ جس کے بھی حق میں آئے اس سے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا ، اگر نوازشریف کا پیسہ واپس آیا تو پاکستان کا تمام قرض اتنے کے بعد بھی پیسہ بچ جائے گا ۔