ٹیچنگ ہسپتال ڈیر ہ غازیخان کے معاملات بہتر کرنے کیلئے انتظامیہ کو ڈیڈ لائن دے دی گئی

جمعرات 1 دسمبر 2016 22:56

ڈی جی خان۔یکم دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 دسمبر2016ء)ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر ڈیرہ غازیخان ندیم الرحمن نے ٹیچنگ ہسپتال ڈیر ہ غازیخان کے معاملات بہتر کرنے کیلئے انتظامیہ کو ڈیڈ لائن دے دی ہے۔ گرین بیلٹس ، پارکنگ اور صفائی کے معاملات بہتر کیے جائیں‘ہسپتا ل میں غریب افرادکو مفت علاج معالجہ کی فراہمی اولین ترجیح ہے‘ ڈاکٹرز او رپیرا میڈیکل سٹاف بروقت حاضری کو یقینی بنائے‘ انتظامات کیلئے تشکیل کردہ کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ پیش کرے۔

انہوں نے یہ ہدایات ہسپتال کے معائنہ کے دوران جاری کیں۔ڈی سی او ندیم الرحمن نے ایمرجنسی ، چلڈرن ، دل، اور میڈیکل وارڈزسمیت دیگر شعبوں کاتفصیلی معائنہ کیا۔ صفائی اور طبی سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لینے کے ساتھ مریضوں اور لواحقین سے معلومات حاصل کیں۔

(جاری ہے)

ڈی سی او نے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہبازشریف ہسپتالوں کی حالت زار بہتر کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔

ضلع ڈیرہ غازیخان کے مراکز صحت میں طبی سہولیات کی فراہمی میں کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ اس موقع پر اے ڈی سی عبدالشکو ر، ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ آفیسرز سرفراز مگسی ، ڈاکٹر منور عباس ، فاروق احمد ، ممتاز کلاسرا ،ایم ایس ڈاکٹر موسی کلیم ، ڈپٹی ایم ایس ڈاکٹر خالد تحسین ، ڈی ایم او غلام یاسین اور دیگر متعلقہ افسران ہمراہ تھے ۔