ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان امان اللہ کنرانی کی زیرصدارت بلوچستان بار کونسل کے ممبران کے ساتھ ایک اجلاس

جمعرات 1 دسمبر 2016 22:47

کوئٹہ۔یکم دسمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 دسمبر2016ء) چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ کی ہدایت پر ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان امان اللہ کنرانی کی زیرصدارت بلوچستان بار کونسل کے ممبران کے ساتھ ایک اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کا مقصد شہید وکلاء کو دی جانے والی امداد کے بارے میں ہونے والی پیشرفت کے متعلق جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں چیئرمین بلوچستان بار کونسل امان اللہ کنرانی کے علاوہ وائس چیئرمین حاجی عطاء اللہ لانگو، ممبر بلوچستان بار کونسل محمد سلیم خان لاشاری، ممبر بلوچستان بار کونسل منیراحمد خان کاکڑ، چیئرمین ایگزیکٹیو کمیٹی بلوچستان بار کونسل راہب خان بلیدی، پریذیڈنٹ ہائی کورٹ بار ایسویس ایشن عبدالحق غنی، جنرل سیکریٹری ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نصیب اللہ ترین، پریذیڈنٹ بلوچستان بار ایسوسی ایشن محمد آصف ریکی، جنرل سیکریٹری بلوچستان بار ایسوسی ایشن خوشحال خان کاسی اور لائبریری سیکریٹری ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن سبینہ اسلام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بار ایسوسی ایشن کے الیکشن 31مارچ 2017ء سے پہلے کرائے جائیں گے اور الیکشن کے تمام تر مراحل 30مارچ 2017ء تک مکمل کرلئے جائیں گے اور امداد کے حوالے سے بھی اجلاس میں اہم فیصلے کئے گئے اور شہداء کے حق کے لئے بار ایسوسی ایشن نے تمام تر اقدامات کرنے پر اتفاق کیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ56شہداء کی رقم تاحال ڈپٹی کمشنر آفس میں موجود تھی جس میں سے 10شہید وکلاء کو امداد مل چکی ہے۔

اس کے علاوہ اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ مختلف مد میں بھی شہداء کے لئے امدادی رقوم موصول ہوئی ہیں جن کو جلد ہی ان کے حق داروں تک پہنچایا جائے گا۔ اجلاس میں اس کے علاوہ وکلاء کے لئے مختص ہاؤسنگ اسکیم کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا اور اجلاس کے اختتام پر اس پر متفقہ فیصلہ ہوا کہ نتائج کے حصول کے لئے ہر اقدام کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :