حکومت اور اپوزیشن میں کرپٹ عناصر بلا تفریق احتساب ہونا چاہئے،سیاسی جماعتوں کے درمیان محاذ آرائی ملک کی سلامتی کشمیر میں جاری جدوجہد آزادی کیلئے خطر ناک اور جمہوریت کیلئے نقصان دہ ہوگی

جماعت اسلامی کے مرکزی سیکر ٹری جنرل لیاقت بلوچ کی ملتان میں پریس کانفرنس

جمعرات 1 دسمبر 2016 22:43

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 دسمبر2016ء) جماعت اسلامی پاکستان وملی یکجہتی کونسل کے مرکزی سیکر ٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ پانا ما لیکس میں تمام افراد کی تحقیقات کی جائے اور اُن کے ٹرائل کیلئے روڈ میپ بنایا جائے، حکومت اور اپوزیشن میں کرپٹ عناصر بلا تفریق احتساب ہونا چاہئے۔ سیاسی جماعتوں کے درمیان محاذ آرائی ملک کی سلامتی کشمیر میں جاری جدوجہد آزادی کیلئے خطر ناک اور جمہوریت کیلئے نقصان دہ ہوگی۔

آئین وقانون کے مطابق افواج کے سپہ سالارکی تبدیلی خوش آئند ہے ۔ جنرل راحیل شریف نے ملازمت توسیع نہ لے کر اپنی اور افواج پاکستان کی عزت میں اضافہ کیا ہے ملک کو درپیش بحرانوں کا اصل حل عوام کے پاس ہے کہ وہ دیانت دار خوف خدا رکھنے والی قیادت کو منتخب کریں۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی کے پاس اہل اور دیانتدار قیادت موجود ہے جس کے دامن پر کسی قسم کا کوئی دھبہ نہیں۔

ان خیا لات کا اظہار ملتان میڈیا سنٹر میں جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر وچیئر مین سیاسی کمیٹی میاں محمد اسلم کے ہمراہ پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جماعت اسلامی پنجاب کے رہنما ملک محمد رمضان روہاڑی ، ضلعی امیر میاں منیر احمد بودلہ، امیر ملتان شہر میاں آصف محمود اخوانی ، الخدمت فائونڈیشن پنجاب کے صدر رائو محمد ظفر ، ضلعی صدر ڈاکٹر صفدر اقبال ہاشمی، میڈیا ایڈوائزر کنور محمد صدیق بھی موجود تھے۔

انہوں نے مزید کہا پاکستانی فوج کی کمانڈ کی تبدیلی خوش آئند بات ہے اس وقت ملک کی سرحد یں خطرات سے دوچار اور نئے آرمی چیف کو بڑے چیلنجز کا سامنا ہوگا ۔ جنرل راحیل شریف نے مدت ملازمت میں توسیع نہ لے کر اپنی اور فوج کی عزت کو بڑھا یا ہے ۔انہوںنے ایوب، یحیٰ ، ضیاء الحق اور مشرف کے دور کے برے اثرات کو صاف کیا ہے ملک کے تمام ریاستی اداروں کو قانون کے مطابق اختیارات کا استعمال کرنا چاہئے ۔

بھارتی عوام نے نریندر مودی سے توقعات وابستہ کیںتھیں۔ بھارت خود اس وقت بحرانوں سے دوچار ہے اندرونی انتشار بھارتی برہمنوں کیلئے وبال جان بنا ہوا ہے اس وقت بھارتی فوج کشمیریوں کے عزم کے سامنے بے بس ہے۔ برہان وانی کی شہادت نے کشمیریوں کو نیا عزم دیا ہے۔ بھارت میں اس وقت اقلیتیں علم بغاوت بلند کئے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی پر اس وقت جنگی جنون سوار ہے اور یہ نریندر مودی بھارت کیلئے گوربا چوف ثابت ہوگا۔

پاکستان کیخلاف امریکہ، اسرائیل، بھارت کا گٹھ جوڑ بنا ہوا ہے ۔ امریکہ بھارت کوفرنٹ کے طور پر استعمال کررہا ہے اس ساری صورتحال کا مقابلہ کرنے کیلئے وحدت اور یکجہتی کو برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک چائنہ اقتصادی راہداری منصوبہ خطے کیلئے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ منصوبہ کسی ایک پارٹی کا منصوبہ نہیں تمام پاکستانیوں کا منصوبہ ہے ۔

وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ انصاف اور قومی یکجہتی پیرا میٹر کیساتھ عمل درآمد کرکے قومی وسائل کا منصفانہ تقسیم کی جائے ۔ مردم شماری نہ کروانا حکمرانوں کی نا اہلی ہے نیشنل فنانس ایوارڈ کا فیصلہ بھی نہیں کرسکی۔ میٹروبس کا منصوبہ اچھا حکمران ملتان کے عوام کو تر سارہے ہیں ، ان منصوبوں کواپنی سیاست کیلئے استعمال نہ کیا جائے۔ ملتان ، ڈیرہ غازی خان کے درمیان موٹر وے بنائی جائے ۔

مٹھن کوٹ کے مقام پر غازی گھاٹ پل التواء کا شکار ہے اس کو مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی پانا ما لیکس اور احتساب کے حوالے سے پٹیشن زیر سماعت ہے حکومت معاملات کر اُلجھا یا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی میں18سال سے کم عمر میں اسلام قبول پر پابندی کا بل منظور کرنا سراسر اسلام اور آئین پاکستان کے خلاف ہے جس کی ہم پر زور مذمت کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں دینی جماعتوں کا ایک اہم اجلاس 6 دسمبر کو کراچی میں ہوگا ۔ بعد ازاں لاہور، پشاور، اسلام آباد میں بھی اجلاس ہونگے۔ جس میں حکمت عملی طے کی جائے گی۔ اسلامی قوانین کی حفاظت کی جائے گی ۔ آئندہ انتخابات حق وباطل اور نظریئے کی بنیاد پر ہونگے دینی جماعتیں آئندہ انتخابات میں اہم کردار ادا کریں گیں۔