حضرت محمدﷺ سے محبت کا تقاضہ ہے کہ ہم عیدمیلادالنبی ﷺ نہایت احترام وشان وشوکت سے منائیں،ڈپٹی کمشنر

جمعرات 1 دسمبر 2016 22:39

نواب شاہ ۔ یکم دسمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 دسمبر2016ء) ڈپٹی کمشنر شہیدبینظیرآباد محمدنعمان صدیق نے کہا ہے کہ نبی کریم حضرت محمدﷺ سے محبت کا تقاضہ ہے کہ ہم جشن عیدمیلادالنبی ﷺ نہایت احترام وشان وشوکت سے منائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں دربارہال نوابشاہ میں جشن عیدمیلادالنبی ﷺ کی تقریبات منانے کے سلسلے میں انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے بلائے گئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا،اجلاس میں میلاد کمیٹی کے ارکان،مذہبی تنظیموں کے نمائندوں،یوسی سیکرٹریز،مختیارکارز،رینجرز،ٹریفک پولیس،اسسٹنٹ کمشنرنوابشاہ،قاضی احمد ،سکرنڈ ،دوڑ،ڈپٹی ڈائریکٹر اطلاعات محمدموسیٰ گوندل،میونسپل کمیٹی،لوکل گورنمنٹ،ڈپٹی کنٹرولر سول ڈیفنس اورمحکمہ صحت کے افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ جشن عیدمیلادالنبیﷺ کے موقع پر نکالے جانے والے تمام جلوسوں کو رینجرز اور پولیس کی سیکیورٹی فراہم ہوگی اسکے علاوہ ایمبولنس اور طبی عملہ بھی جلوس کے ساتھ ہوگا اور میلاد کمیٹیوں کے ساتھ اس سلسلے میں بھرپور تعاون کیا جائے گا اور انہیں سہولیات فراہم کی جائیں گی انہوں نے میونسپل عملے کو ہدایت کی کہ جلوسوں کے روٹ اور تمام مسجدوں کے سامنے صفائی کو یقینی بنائیں انہوں نے کہا کہ جشن عیدمیلادالنبیﷺ کے موقع پر چراغاں کرنے والوں کو انعامات دیئے جائیں گے جس کا فیصلہ چراغاں کمیٹی کرے گی اس کے علاوہ نعت خوانی کے مقابلوں میں حصہ لینے والوں کو بھی انتظامیہ کی جانب سے انعامات دیئے جائیں گے جبکہ ہسپتالوں میں فروٹ اور جیل کے قیدیوں میں مٹھائی تقسیم کی جائے گی انہوں نے حیسکو کے عملے کو ہدایت کی کہ 12ربیع الاول کے دن لوڈشیڈنگ نہ کی جائے۔

اجلاس جماعت اہلسنت کے علماء نے تجاویزاور مسائل پیش کئے ۔