امریکی قونصل جنرل گریس شیلٹن کا جھمپیر، ٹھٹھہ میں ونڈ انرجی کاریڈور کا دورہ

جمعرات 1 دسمبر 2016 22:35

ٹھٹھہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 دسمبر2016ء) امریکی قونصل جنرل گریس شیلٹن نے جھمپیر، ٹھٹھہ میں ونڈ انرجی کاریڈور کا دورہ کیا اور وہاں کام کرنے والے ماہرین سے ملاقات کی۔ گریس شیلٹن نے سفائر ونڈ پاور پراجیکٹ، یو ایس ایڈ گرڈ اسٹیشن اور کینجھر جھیل کا دورہ کیا۔قونصل جنرل گریس شیلٹن کا کہنا تھا کہ ‘‘سندھ ونڈ انرجی کاریڈرو سے واضح ہوتا ہے کہ پاکستان کے توانائی بحران کے حل میں قابل تجدید توانائی کس قدر مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔

امریکا قابل تجدید توانائی کے فروغ کے لیے پاکستانی کوششوں میں بھرپور مدد فراہم کرتا رہے گا۔سفائر ونڈ پاور پراجیکٹ کے دورے میں قونصل جنرل گریس شیلٹن کو سائٹ منیجر دانش حنیف نے بتایا کہ پاکستان کے قومی گرڈ کو 50 میگاواٹ بجلی فراہم کرنے کے اس منصوبے کے لیے فنڈ اوور سیز پرائیوٹ انویسٹمنٹ کارپوریشن (OPIC) نے فراہم کیے ہیں۔

(جاری ہے)

نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (NTDC)کے گرڈ اسٹیشن کے لیے بھی امریکی حکومت کی جانب سے خطیر مدد فراہم کی گئی ہے۔

یو ایس ایڈ (USAID) کی جانب سے دی جانے والی 4 کروڑ 30 لاکھ ڈالر امداد سے 680 میگاواٹ کا لنک قائم کیا جائے گا۔قونصل جنرل گریس شیلٹن نے پاکستان کی تازہ پانی کی دوسری بڑی جھیل کینجھر کا بھی دورہ کیا، اس موقع پر انھوں نے ورلڈ وائلڈ لائف فاؤنڈیشن (WWF) کے کردار کو سراہا اور جنگلی حیات کے تحفظ اور پائیدار معاشی ترقی کے مواقع پیدا کرنے پر ڈبلیو ڈبلیو ایف کی تعریف کی -#