حافظ آباد، عقیدت کا اظہار کرتے وقت آپ ﷺ کی ذات بابرکات کے تقدس کومد نظر رکھنا ضروری ہے،محمد علی رندھاوا

کسی کو بھی ہلڑ بازی ، اور سیکورٹی انتظامات میں رخنہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائیگی ڈسٹرکٹ کوارڈنیشن آفیسر کا ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب

جمعرات 1 دسمبر 2016 22:15

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 دسمبر2016ء) ڈسٹرکٹ کوارڈنیشن آفیسر حافظ آباد محمد علی رندھاوا نے کہا ہے کہ نبی کریم ﷺ کی محبت ہمارا دین اور ایمان ہے اور آپ ﷺ کے ساتھ اپنی عقیدت اور چاہت کا اظہار کرتے وقت آپ ﷺ کی ذات بابرکات کے تقدس کو پوری طرح ملحوظ خاطر رکھنا بھی بیحد ضروری ہے ۔انہوں نے کہا کہ عید میلاد النبی پوری دنیا کے مسلمانوں کے لیے مسرت و انسباط کا پیغام لاتی ہے اور پورے ملک کی طرح حافظ آباد میں جشن عید میلادالنبی مذہبی جوش و جذبے اور دھوم دھام سے منایا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ ضلع میں مثالی فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بھائی چارے کی فضا موجود ہے اور جشن میلاد النبی کے تمام تقریبات میں بھی اس کی واضح جھلک سے اس کو مذید فروغ ملے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے ان خیالات کا اظہار ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ڈی پی او ڈاکٹر غیاث گل ،سابق وفاقی پارلیمانی سیکرٹری میاں افضل حسین تارڑ ،اے ڈی سی نعمان حفیظ ،سینئر ایڈمنسٹریٹر آفیسر اللہ دتہ وڑائچ ،اے سی عمر فاروق وڑائچ ،سرکاری افسران ،اور امن کمیٹی کے اراکین نے اجلاس میں شرکت کی ۔

ڈی سی او نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ تمام بڑے جلوسوں کو مکمل سیکورٹی کور فراہم کرے گی تاہم علماء کرام اور جلوسوں کے منظمین کی بھی ذمہ داری ہوگی کہ وہ امن و امان کے قیام کے سلسلہ میں انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔انہوں نے علماء کرام کو بتایا کہ صفائی ستھرائی ،سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب ،جلوسوں کی مانیٹرنگ سمیت دیگر تمام اقدامات کے سلسلہ میں متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے اُنپر یہ واضح کر دیا گیا ہے کہ اس ضمن میں غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں ہوگی۔

ڈی پی او ڈاکٹر غیاث گل نے علما ء کرام کو جلوسوں اور محافل کی سیکورٹی کے لیے ہونے والے اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ کسی کو بھی ہلڑ بازی ،خواتین کیساتھ بد تمیزی اور سیکورٹی انتظامات میں رخنہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائیگی اور قانون نافذ کرنے والے ادارے علماء کرام کے نامزد کردہ رضا کروں کی معاونت سے امن و امان کا قیام ہر صورت یقینی بنائیں گے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میاں افضل حسین تارڑ ،علماء کرام سید وسیم الحسن شاہ ،نصر اللہ بھٹی ،فیصل ندیم کیانی ،رانا اصغر چشتی ،چیئرمین و سیکرٹری پریس کلب امتیاز تاج ،مظہر وڑائچ اور دیگر اراکین کمیٹی نے عید میلاد النبی پر قیام امن کے سلسلہ میں اپنے بھر پور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ولادت نبی آخر الزمان کے پُر مسرت موقع پر جوش اور مذہبی عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے تمام شرعی تقاضوں اور حکومتی ہدایات کو پیش نظر رکھا جائے گا۔علما ء کرام نے واضح کیا کہ کہ وہ غیر شرعی حرکات کی ہر فورم پر مذمت کرتے ہیں اور ہلڑ بازوں کے خلاف ضرور کاروائی کی جائے تاکہ عید میلادالنبی کا تقدس برقرار رکھا جائے۔