کوئٹہ شہر میں جرائم کی بڑھتی وارداتوں کے ساتھ منشیات فروشی کا دھندہ بھی جاری ہے ، عبدالکبیر شاکر

نوجوانوں کیلئے کھیلوں کے گرائونڈز،روزگار ،تعلیم کی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے منشیات فروشی میں اضافہ ہورہا ہے ، امیر جماعت اسلامی کوئٹہ

جمعرات 1 دسمبر 2016 22:13

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 دسمبر2016ء) جماعت اسلامی کوئٹہ کے امیر مولانا عبدالکبیر شاکر نے کہا کہ کوئٹہ شہر میں جرائم کی بڑھتی وارداتوں کے ساتھ منشیات فروشی کا دھندہ بھی شہر کے مختلف علاقوں میں بے خوف وخطر جاری ہے جس کی روک تھام میں پولیس اور سیکورٹی ادارے مکمل ناکام ہوچکے ہیں ۔نوجوانوں کیلئے کھیلوں کے گرائونڈز،روزگار ،تعلیم کی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے منشیات کاکاروبار عروج پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک قوم کا سرمایہ نوجوان نسل آزاد خیالی ، ماحول کی خرابی اور بے روزگاری کی وجہ سے حساس کمتری کا شکار ہوتی جا رہی ہے اور منشیات جیسی لعنت کا سہارا لینے پر مجبور ہے ۔ انہوں نے کہا کہ افسو س کی بات ہے کہ شہر کے مختلف علاقوں میں فروخت ہونے والی نشہ کی پُڑیا پولیس اور سیکورٹی اداروں کی عقابی نظر سے اوجھل کیسے ہو سکتی ہی اضافی دولت کمانے کی خاطر منشیات کا کاروبار کرنے والے نوجوان نسل کو نہ صرف تباہ و برباد کر رہے ہیں بلکہ شہر میں جرائم کی افزائش کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں بلوچستان حکومت اورلوکل گورنمنٹ سے مطالبہ کیا شہر بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈائون کیا جائے اور موت کا کاروبار کرنے والے درندہ صفت اور ان کے سہولت کاروں کو پکڑ کر کڑی سے کڑی سزا دی جائے تاکہ شہر کوموت کا کاروبار کرنے والوں سے پاک صاف کیا جا سکے ۔