کوئٹہ،بد عنوانی کا عالمی دن

نیب بلوچستان کے زیر اہتمام بلوچستان یونیورسٹی میں واک، یونیورسٹی کے پروفیسرز طلباء و طالبات ، نیب افسران کی شرکت

جمعرات 1 دسمبر 2016 22:06

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 دسمبر2016ء) بد عنوانی کے عالمی دن کے حوالے سے نیب بلوچستان کے زیر اہتمام بلوچستان یونیورسٹی میں واک منعقد کی گئی جس کا مقصد نوجوان نسل میں کرپشن کے خلاف آگاہی اور شعور بیدار کرنا تھا۔ واک کے شرکاء میں بلوچستان یونیورسٹی کے پروفیسرز طلباء و طالبات ، نیب افسران نے شرکت کی۔ وائس چانسلر بلوچستان یونیورسٹی نے واک کو با مقصد قرار دیتے ہوئے طلباء کو کرپشن کے خلاف اُٹھ کھڑے ہونے کی تاکید کی۔

انہوں نے تاریخ کے اوراق پلٹتے ہوئے کہا کہ طلباء جدوجہد پاکستان میں قائد اعظم کا ہر اول دستہ تھے، جنہوں نے انہیں مایوس نہیں کیا اور گھر گھر آزادی کا پیغام پہنچایا۔ یہی لوگ نیب کی شعور و آگاہی کی مہم کے میرِ کارواں ہیں اور ملک سے بد عنوانی کو جڑ سے اُکھاڑ پھنکیں گے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر نیب عبدالحفیظ صدیقی نے واک کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بد عنوانی وہ عفریت ہے جو کسی بھی قوم کی جڑیں کھوکھلی کر دیتی ہے جبکہ اہل فراد کسی بھی قوم کو ترقی کی بلندیوں تک پہنچا دیتے ہیں، ترقی یافتہ ممالک کی مثال دیکھیں تو چند اہل افراد نے ان ملکوں کی تقدیر بدل ڈالی۔

اہل افراد اگر آسامیوں پر تعینات ہوں گے تو ملک انتہائی تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔ آ خر میں شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے طلباء کو اپنی آگاہی مہم کا اہم حصہ قرار دیا اور ان کو کرپشن کا انکار کرنے کی ہمت پیدا کرنے کی ترغیب دی۔ واک میں طلباء کی غیر معمولی شرکت اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ آج کا نوجوان اپنے اندر کرپشن جیسی لعنت کا انکار کرنے کی ہمت اور حوصلہ رکھتا ہے۔

متعلقہ عنوان :