ڈومکی اتحاداور عوام دوست پینل نے آئندہ عام انتخابات بھر پور انتخابی مہم چلانے کا اعلان کردیا

عوام کے حقوق کے بہتر تحفظ اور اجتماعی مفاد عامہ کے مدنظر آئندہ عام انتخابات میں بھی مشترکہ مشاورت وحکمت عملی سے سیاسی عمل میں بھر حصہ لینے کافیصلہ کیا گیا ہے ، بیان

جمعرات 1 دسمبر 2016 22:06

کراچی/ کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 دسمبر2016ء)ڈومکی اتحاداور عوام دوست پینل نے آئندہ عام انتخابات کے لیے حلقہ پی بی 28نصیرآباد1 سے میر سکندر خان عمرانی کو متفقہ طور پر صوبائی اسمبلی کے لیے امیدوار نامزد کرتے ہوئے بھر پور انتخابی مہم چلانے کا اعلان کیا ہے ،اس بات کا فیصلہ ڈومکی ہائوس کراچی میں منعقدہ مشاورتی اجلاس میں کیا گیا جس میں ڈومکی قبیلے کے سربراہ سردار سرفراز خان ڈومکی ،سابق سنیٹر میر حضور بخش خان ڈومکی،میر علی مردان خان ڈومکی،میر سکندر خان عمرانی اور یار محمد ہاڑہ بھی موجود تھے،مشاورتی اجلاس کے بعد ڈومکی ہائوس کراچی سے جاری اعلامیہ میں کہا گیاہے کہ گزشتہ بلدیاتی انتخابات میں قائم ہونے والے ڈومکی اتحاد اور عوام دوست پینل کے پلیٹ فارم سے نصیرآباد کے عوام کے حقوق کے بہتر تحفظ اور اجتماعی مفاد عامہ کے مدنظر آئندہ عام انتخابات میں بھی مشترکہ مشاورت وحکمت عملی سے سیاسی عمل میں بھر حصہ لینے کافیصلہ کیا گیا ہے اس سلسلے میں ڈومکی اتحاد کے فیصلہ ساز معتبرین نے باہمی مشاورت سے میر سکندرخان عمرانی کو حلقہ پی بی 28نصیرآباد1 سے آئندہ انتخابی عمل میں اپنا امیدوار نامزد کرتے ہوئے اس بھر پورعزم کااعادہ کیا ہے کہ نامزد امیدوار میر سکندر خان عمرانی کی کامیابی کے لیے اقوام ڈومکی اور تمام دوست احباب واتحادی اپنا بھر پور کردار ادا کرینگے اور عوام کے شعوری حق رائے دہی کے ذریعے حقیقی عوامی قیادت کو منتخب کرکے عوام کے مسائل کے حل کے لیے موثرکردار ادا کریں گے ،انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخاب میں ڈومکی اتحاد اور عوام دوست پینل پر عوامی اعتماد عوام کے سیاسی شعور کی بیداری کی دلیل ہے اور آئندہ عام انتخابات میں بھی عوام ڈومکی اتحاد اور عوام دوست پینل پر بھر پور اعتماد کااظہار کرتے ہوئے روشن مستقبل کے لیے فیصلہ کن کردار ادا کرینگے۔