پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام پر ظلم ‘ حکومت نے قیمتیں کم کرنے کی بجائے اضافہ کرکے عوام دشمنی کا ثبوت دیا

پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹرسعید غنی کا پٹرولیم کی مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پرردعمل کااظہار

جمعرات 1 دسمبر 2016 21:53

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 دسمبر2016ء)پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹرسعید غنی نے حکومت کی طرف سے پٹرولیم کی مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو عوام پر ظلم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے قیمتیں کم کرنے کی بجائے اضافہ کرکے عوام دشمنی کا ثبوت دیا ہے۔ جمعرات کو اپنے ایک بیان میں سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ نواز حکومت ایک طرف یہ جھوٹے دعوے کر رہی ہے کہ قومی خزانے کے ذخائر میں اضافہ ہو رہا ہے اور معیشت مضبوط ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

تو سوال یہ ہے کہ اس کے ثمرات عوام کو کیوں نہیں ملتے اور انہیں ریلیف کیوں نہیں دیا جاتا سینیٹر سعید غنی نے کہا کہ پٹرول کی قیمتیں بڑھنے سے مہنگائی کا طوفان آئے گا، عوام جو نواز حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے مہنگائی، بیروزگاری اور معاشی بدحالی کا شکارہو رہے ہیں مزید مشکلات کا سامنا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ نوازحکومت کا ہر دعویٰ جھوٹا ثابت ہوتا رہا ہے اور یہ لوگ جب اقتدار میں آتے ہیں تو عوام کا خون نچوڑ کر بیرون ملک اثاثے بناتے ہیں اور اپنے ذاتی کاروبار کا نقصان عوام کے خون پسینے کی کمائی سے پورا کرتے ہیں۔