ایس ای سی پی کے چیئرمین ظفر حجازی نی راولپنڈی میں ایک اسلامی مالیاتی سہولت مرکز کا افتتاح کردیا

جمعرات 1 دسمبر 2016 21:48

اسلام آباد ۔ یکم دسمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 دسمبر2016ء) سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے چیئرمین ظفر حجازی نے آج راولپنڈی میں ایک اسلامی مالیاتی سہولت مرکز کا افتتاح کیا جو عوام الناس کو شریعت کے اصولوں پر موٹر سائیکل اور کچھ ہی عرصے میں دیگر مصنوعات بھی سستے قرضے پر فراہم کرے گا۔ یہ مرکز ابتدائی طور پر چار مضاربہ چلائیں گے جن میں الائیڈ رینٹل مضاربہ، فرسٹ حبیب مضاربہ، آرکس مضاربہ اور ٹرسٹ مضاربہ شامل ہیں جو صارفین کو موجودہ مارکیٹ کے نرخ جو کہ چالیس سے پینتالیس فیصد ہے کے مقابلے میں بیس سے پچیس فیصد کے سستے نرخ پر قرضے دیں گے۔

چیئرمین ایس ای سی پی ظفر حجازی نے خطاب کرتے ہوئے بتایا ٍکہ ایس ای سی پی نے ملک بھر میں ایک جامع سروے کیا اور اس سے معلوم ہوا کہ ملک بھر میں بعض افراد مہنگے نرخوں پر غیر قانونی اور غیر لائسنس یافتہ قرضے فراہم کر رہے تھے اور کوئی انضباطی ادارہ یا ایجنسی ایسی سرگرمیوں کو نہ تو ریکارڈ کر رہا تھا اور نہ ہی رپورٹ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایس ای سی پی سے لائسنس کے حصول کے بغیر ملک میں کوئی بھی ادارہ چھوٹے قرضوں کی فراہمی کا کاروبار نہیں کر سکتا۔

حالات کا احساس کرتے ہوئے اور بے ضابطہ شعبے کی حوصلہ شکنی کے لئے ایس ای سی پی نے مضاربہ سیکٹرکو مشورہ دیا کہ وہ عوام الناس کے لئے سستے نرخوں پر صارفین کو قرضوں کی فراہمی کے لئے راولپنڈی میں ایک باضابطہ مالیاتی مرکز قائم کریں۔ظفرحجازی نے کہا کہ ایس ای سی پی ایسی غیر لائسنس یافتہ سرگرمیوں کی ہرگز اجازت نہیں دے گا اور عوام کو لوٹنے والے عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے اس مرکز کے افتتاح پر مضاربہ سیکٹر کو مبارک باد پیش کی اور انہیں مشورہ دیا کہ وہ ملک کے دیگر حصّوں میں بھی ایسے مراکز کے لئے اقدامات کریں۔ ٹرسٹ مضاربہ کے چیف ایگزیکٹو، بشیر چوہدری نے کہا کہ راولپنڈی میں اسلامی مالیاتی سہولت مرکز قاضی ٹریڈنگ کمپنی چلائے گی جو ضروری مطلوبات پورا کرنے پر درخواست گزاروں کو موٹر سائیکل فراہم کرے گی۔ بعد ازاں مارکیٹ کی دیگر مصنوعات کے لئے بھی مضاربہ قرضوں کی سہولت فراہم کریں گے۔

متعلقہ عنوان :