پاکستان کو 12 برس بعد ڈیوس کپ ٹائی کی میزبانی مل گئی

پاکستان اور ایران کے درمیان ٹائی 3 سے 5 فروری تک کھیلی جائے گی

جمعرات 1 دسمبر 2016 21:45

اسلام آباد ۔ یکم دسمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 دسمبر2016ء) پاکستان آئندہ برس ایران کے خلاف ڈیوس کپ ٹائی ایشیا اوشنیا زون ٹو کی میزبانی کرے گا، پاکستان کو 12 برس بعد ٹائی کی میزبانی ملی ہے، گرین شرٹس نے اس سے قبل آخری بار 2004ء میں ٹائی کی میزبانی کی تھی جب میزبان ٹیم نے نیوزی لینڈ کو شکست فاش سے دوچار کیا تھا۔ پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف) کے سیکرٹری خالد رحمانی کے مطابق انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیکیورٹی کے حالات بہت بہتر ہو چکے ہیں اسلئے ہم نے اسے ایران کے خلاف ٹائی کی میزبانی کرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹائی کی میزبانی ملنا اعزاز کی بات ہے اور ہم اس کے کامیاب اور یادگار انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے، ایرانی ٹیم کو غیرملکی راہنمائوں کی طرح کی سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان اس سے قبل کئی انٹرنیشنل سکوائش ٹورنامنٹس کی کامیاب میزبانی کر چکا ہے اسلئے ہماری پوری کوشش ہو گی کہ ٹائی بھی کامیابی سے منعقد ہو اور ہمیں پورا یقین ہے کہ اس کے کامیاب انعقاد کے بعد ملک میں بین الاقوامی ٹینس مقابلے بحال ہو جائیں گے۔ واضح رہے کہ 2009ء لاہور میں سری لنکن ٹیم بس حملے کے بعد سے پاکستان کو سیکیورٹی خدشات کے باعث ٹائی متبادل مقامات پر کھیلنا پڑ رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :