بھارت میں اتنی جرات نہیں ہے وہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ اٹھا کر دیکھے،رحمان ملک

حکومت مودی کے بنگلہ دیش میں پاکستان توڑنے سے متعلق اعتراف کو اقوام متحدہ میں چیلنج کرے،میڈیا سے گفتگو

جمعرات 1 دسمبر 2016 21:44

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 دسمبر2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سابق وزیرداخلہ سینٹیر رحمان ملک نے کہا ہے کہ بھارت میں اتنی جرات نہیں ہے کہ وہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ اٹھا کر دیکھے۔ انہوںنے حکومت سے اپیل کی کہ وہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے بنگلہ دیش میں کیے گئے پاکستان توڑنے سے متعلق اعتراف کو اقوام متحدہ میں چیلنج کریں۔

بلاول ہائوس لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ بھارت پوری طرح اپنی ہٹ دھرمی سے اترا ہوا ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے اندر اور لائن آف کنٹرول پر اپنی جارحیت کے ذریعے کشمیریوں کو شہید کررہا ہے۔ بھارت نے بلوچستان میں اپنا جاسوس بھیجا اس لیے پاکستان کی پوری قوم پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہوکر بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لئے تیار ہے انہوںنے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی آواز شہید ذوالفقار علی بھٹو کی آواز ہے۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو زرداری بھی اپنے نانا کی طرح پاکستان کے غریب عوام کو اپنے حق کے لئے بولنے کی جرات دینا چاہتے ہیں جو شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کے غریب عوام کو دی تھی انہوں نے کہا کہ اگر حکومت بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے پیش کیے گئے چاروں نکات تسلیم کرلے تو پاکستان کے اندر مسائل خود ہی حل ہوجائیں گے۔ یہی وجہ ہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے حکومت کو ڈیموکریٹک خارجہ پالیسی دینے کا مشورہ دیا ہے انہوںنے مطالبہ کیا کہ سی پیک منصوبے کے فوائد تمام صوبوں تک پہنچائے جائیں۔(اے ملک)