2018ء تک لوڈ شیڈنگ قصہ ماضی بن جائیگی، توانائی بحران اور دہشت گردی ختم کرکے رہیںگے،عمران نذیر

جمعرات 1 دسمبر 2016 20:58

لاہور۔یکم دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 دسمبر2016ء)پاکستان مسلم لیگ(ن) لاہور کے جنرل سیکرٹری و صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ2018ء تک لوڈ شیڈنگ ماضی کا قصہ بن جائے گی ،ہر طرف روشنیاں ہوں گی، ہماری حکومت توانائی کے بحران اور دہشت گردی کے خاتمہ کرکے رہے گی،مسلم لیگ ن نے سیاست میں رواداری اور جمہوری اقدار اور شفافیت کے مثالی کلچر کو فروغ دیا ہے جبکہ مخالفین نے سیاست کوپرا گندا کرنے کی کوشش کی ہے، سی پیک منصوبہ ایک خطہ اور ایک وژن کا عکاس ہے،اس سے علاقے میں امن و سلامتی آئے گی،ترقی کے نئے مواقع اور نئی راہیں نکلیں گی،اور پاکستان کو ترقی کی جانب لے کر جائیں گی۔

(جاری ہے)

گذشتہ روز ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام کو صحت کی بنیادی سہولتیں ہر صورت فراہم اور ہسپتالوں کی حالت مثالی بنائیں گے،عوام کے میعار زندگی کو بلند کرنے اور انہیں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے پروگراموں پر اربوں روپے خرچ کئے جا رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ سچی اور کھری سیاسی نے جھوٹ اور الزام تراشی کی سیاست کو ہر موقع پر شکست دی ہے اور قوم کو تقسیم کرنے والے شکست خوردہ عناصر خود تقسیم ہو گئے ہیں عوام جانتے ہیں کہ انتشار اور افراتفری کی سیاسی کون کررہا ہے، انہوں نے کہا کہ منفی سیاست کرنے اور ملک میں افراتفری پھیلانے والوں کو پے در پے شکستوں سے سبق حاصل کرنا چاہیے،الزام تراشی کی سیاست کی خدمت اور شفافیت کے سامنے کوئی حیثیت نہیں۔