لاڑکانہ ،سندھ ایڈز کنٹرول پروگرام کی جانب سے شہر کے مقامی ہوٹل میں کینڈل لائٹ ڈنر کا اہتمام

جمعرات 1 دسمبر 2016 20:14

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 دسمبر2016ء) ایڈز کے عالمی دن کے موقع پر ایڈز کے متاثرہ مریضوں کے لیے سندھ ایڈز کنٹرول پروگرام کی جانب سے شہر کے مقامی ہوٹل میں کینڈل لائٹ ڈنر کا اہتمام کیا گیا جس میں شمعیں روشن کرکے مریضوں سے اظہار یکجہتی کیا گیا۔ لاڑکانہ سمیت متعدد اضلاع سے ایچ آئی وی ایڈز کے مریضوں کو شام پانچ بلایا گیا۔

مریض ورثا کے ہمراہ پانچ بجے سے وزیراعلیٰ سندھ کا انتظار کرتے رہے لیکن نہ تو وزیراعلیٰ کو آنا تھا اور نہ وہ آئے۔ بلآخر تنگ آکر مریضوں اور ان کے لواحقین نے پروگرام کا بائیکاٹ کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کاشف علی ٹیپو کے سامنے احتجاج کیا۔ اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ ہمیں ایڈز کنٹرول پروگرام کی جانب سے پیغام بھیجا گیا تھا کہ اس پروگرام میں شریک ہوں جہاں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ آپ سے ملاقات کریں گے اور دس ہزار روپے بھی دیں گے لیکن یہاں آکر پتہ چلا کہ نہ مراد علی شاہ کو یہاں آنا تھا اور نہ ہی ہمیں دس ہزار روپے ملیں گے۔

(جاری ہے)

مریضوں کو چار گھنٹے بٹھاکر گانے سنوائے جارہے ہیں مریضوں کو گانے سسنے نہیں بلکہ آرام کی ضرورت ہے۔ ہم مختلف علاقوں سے سفر کرکے یہاں پہنچے ہیں اور رات ہونے کے باعث واپس بھی نہیں جاسکتے لیکن ہماری رہائش کا بھی بندوبست نہیں کیا گیا۔ بعد ازاں منتظمین نے رہائش کا انتظام کرنے کی یقین دہانی کروائی جس کے بعد احتجاج ختم کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :