نوازشریف پانامہ لیکس کیس میں بُری طرح پھنس چکے ہیں اوراب ان کا احتساب سے بچنا مشکل ہی نہیں ناممکن ہے‘یاسمین راشد

جمعرات 1 دسمبر 2016 19:58

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 دسمبر2016ء) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما ڈاکٹر یا سمین راشد نے کہاہے کہ نوازشریف پانامہ لیکس کیس میں بُری طرح پھنس چکے ہیں اوراب ان کا احتساب سے بچنا مشکل ہی نہیں ناممکن ہے ، تحریک انصاف نوازشریف کے خلاف ثبوتوں کے ساتھ عدالت میں گئی ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ کرپشن ملک کے لیے ناسور بن چکا ہے جب تک اس سے جان نہیںچھوٹتی ملک ترقی نہیں کرسکتا پانامہ چور حکمرانوں نے نہ صرف قومی دولت کو لوٹ کر بیرون ملک جمع کیا بلکہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک سے قرضے لیکر قوم کو مالیاتی اداروں کے پاس گروی رکھ دیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے 30 سالوں میں ایک بھی ایسا ہسپتال نہیں بنایا جس میں وہ اپنا علاج کروا سکیں ،حکمران ٹولے میں سے کوئی بیمار ہوتا ہے تو فورا لندن اور نیویارک بھاگ جاتا ہے جبکہ ملک بھر کے ہسپتالوں میں غریب مریض خوار ہو رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمیں اقتدار ملاتو پورے ملک میں ایسے ہسپتال بنائیں گے جہاں امیر غریب سب کو یکساں علاج کی سہولتیں ملیں گی اور ان ہسپتالوں میں حکمرانوں کا بھی علاج کریں گے انہوں نے مز ید کہا کہ نواز حکومت نے اپنے ساڑھی30 سالوں میں اس قوم کو کچھ بھی نہیں دیا ہے ،عوام کے ساتھ بڑے بڑے وعدے کرنے والوں نے انہیں گندہ پا نی پینے پر مجبور کیا ہواہے جبکہ اس ملک کی 90فیصد عوام کوجان بوجھ کرصحت ،تعلیم اور روزگارجیسی بنیادی سہولتوں سے محروم رکھا گیا۔