100 روزہ عوامی خدمت پلان کو عوامی تعاون کے ذریعے کامیاب بنائینگے ،ڈاکٹر فاروق ستار

پہلے مرحلے میں ڈسٹرکٹ ایسٹ میں یوسی 28 ، یوسی 21 ، یوسی 19 ، یوسی 11 اور یوسی 7 میں مہم یقینی بنائی جائیگی،کنوینر ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی

جمعرات 1 دسمبر 2016 19:52

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 دسمبر2016ء) ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینئر ڈاکٹر فاروق ستار نے چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور کے ہمراہ گلشن اقبال زون میں 13D صہیبا اختر روڈ اور جمشید زون میں شاہراہ قائدین سے 100 روزہ عوامی خدمت پلان کا آغاز کردیا ، اس موقع پر وائس چیئرمین عبدالرؤف خان، ایم این اے محمد مزمل قریشی ،ایم این اے سمن جعفری ، ایم این اے ڈاکٹر نگہت شکیل ،ایم پی اے فیصل سبزواری،ا یم پی اے محمود عبدالرزاق، ایم پی اے ہیر سوہو، ایم پی اے ناہید بیگم کے علاوہ بلدیہ شرقی کے تمام محکمہ جاتی افسران ، علاقہ معززین اور میڈیا نمائندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ایم کیو ایم پاکستان کنوینیئر ڈاکٹر فاروق ستار نے اس موقع پر کہا کہ100 روزہ مہم کا مقصد ڈسٹرکٹ میں بسنے والے باسیوں کو تمام تر بلدیاتی سہولیات کی بہترین فراہمی یقینی بنانا ہے ، اس مہم میںتمام سیاسی جماعتیں یکجا ہوکر اپنا کردار ادا کریں گی ،بلدیاتی سہولیات جو کہ عوام کا بنیادی حق ہے اس کی فراہمی کیلئے پنی مدد آپ کے تحت مہم کا آغازکیا جارہا ہے اور ہم تمام تاجر حضرات ، صنعتکار اور سول سوئٹی سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ رضاکارانہ طور پر مہم کا حصہ بنیں اورشہر قائد کوخوشحالی و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں ، انہوں نے اس موقع پرمزید کہا کہ مہم میںکامیابی عوامی تعاون کے بغیر ممکن نہیں ، ہم گھر گھر جا کر عوام میں تھیلیاں اور ڈسٹ بن مہیا کریں گے تاکہ صفائی ستھرائی کے نظام میں واضح بہتری لائی جاسکے ، مہم صرف 100 دن تک محدود نہیں ہوگی بلکہ اسے مستقل بنیادوں پر جاری رکھ کر ایک سال کے اندر اندر پورے شہر کراچی کو واپس روشنیوں ، ترقی و خوشحالی کا شہر بنائیں گے۔

(جاری ہے)

چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا سلوگن" اپنے نمائندے ، اپنوں کیلئے ، اپنوں کے درمیان" ہے۔ آیئے اپنے ضلع کومضبوط بنائیں اور ہمارا ساتھ دیں ، اس پروگرام کے تحت 100 روزہ عوامی مہم میں عوامی تعاون کے ذریعے گلی و محلوں اور یوسی کی سطح پر بالخصوص پہلے مرحلے میں یوسی 28 ،یوسی 21 ، یوسی 19، یوسی11 اور یوسی07 میں صفائی ستھرائی کے بہترین نظام کا قیام ، ماڈل پلے گراؤنڈ و پارکس کا قیام ،ماڈل ڈسپنسریز، ماڈل سڑکیں تعمیر کی جائینگی جبکہ مہم میں سول سوسائیٹیز، اسکول کالجز اور یونیورسٹی کے طالب علم ، بچے نواجوان ،خواتین بلدیاتی اداروں کے شانہ بشانہ ہو کر جوش و خروش کے ساتھ شامل ہونگے، انہوں نے کہا کہ ہمیں اس شہر بالخصوص اس ضلع کو واپس ترقی و خوشحالی کی طرف گامزن کرنا ہے ، وسائل بہت محدود ہیں مگر ہمارا عزم وجذبہ بلند ہے جو کہ ہماری اس مہم کو کامیاب بنائیگا۔

متعلقہ عنوان :