خیبرمیڈیکل یونیورسٹی پشاور کے ایڈوانس سٹڈیز اینڈ ریسرچ بورڈ نے پی ایچ ڈی ، ایم فل اور ایم ایس کے بارہ مختلف موضوعات پرتحقیق کی منظوری دیدی

جمعرات 1 دسمبر 2016 19:16

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 دسمبر2016ء) خیبرمیڈیکل یونیورسٹی(کے ایم یو) پشاور کے ایڈوانس سٹڈیز اینڈ ریسرچ بورڈ(اے ایس آر بی) نے پی ایچ ڈی ، ایم فل اور ایم ایس کے بارہ مختلف موضوعات پرتحقیق کی منظوری دے دی۔ یہ منظوری یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد حفیظ اللہ کی زیر صدارت ہونے والے اے ایس آر بی کے 44ویں اجلا س میں دی گئی جس میں دیگر کے علاوہ رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم، ڈائریکٹر اکیڈیمکس پروفیسر ڈاکٹر محمد الیاس سعیدی،آئی بی ایم ایس کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر جواد احمد، ڈائریکٹر اورک ڈاکٹر ضیاء الحق اورمختلف فیکلٹیز کے پروفیسرز صاحبان موجود تھے۔

اجلاس میں بیسک میڈیکل سائنسز کے بائیوکیمسٹری کے مضمون میں ایک پی ایچ ڈی، سات ایم فل ، ایک ایم ایس پی ٹی اور ایم پی ایچ کے تین تحقیقی موضوعات کی منظوری دی گئی۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد حفیظ اللہ نے کہاکہ اے ایس آربی کے اجلاسوں کاباقاعدگی سے انعقاد باعث اطمینان ہے اوریہ اس بات کا ثبوت ہے کہ کے ایم یو کے سکالرز مختلف شعبہ جات میں تحقیق کے لئے پرعزم ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ترقی یافتہ ممالک کی ترقی کے پیچھے اصل محرک وہاں علم وتحقیق کو ہرسطح پر اہمیت کا دیاجاناہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کے نوجوانوں میں ہرطرح کی صلاحیتیں موجود ہیں اصل مسئلہ انہیں مثبت اورتعمیری سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرناہے۔ پروفیسر حفیظ اللہ نے کہاکہ کے ایم یو میںتحقیق کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔انہوںنے کہاکہ تحقیق کومحض ڈگریوں کے حصول تک محدود نہیں رکھنا چاہیے بلکہ اصل اورکارآمد تحقیق وہی ہوتی ہے جس سے عام لوگوں اورمعاشرے کوفائدہ پہنچے۔انہوںنے توقع ظاہرکی کہ کے ایم یو کے نوجوان محققین اپنی تحقیق میں معاشرے کے فلاح وبہبودکے اس اہم پہلو کو خصوصی اہمیت دیں گے۔

متعلقہ عنوان :