کراچی، کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک کو خوشحالی کے ایک نئے دور سے ہمکنار کریگی،مکیش چاولہ

جمعرات 1 دسمبر 2016 19:04

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 دسمبر2016ء) صوبائی وزراء جام مہتاب حسین ڈھر اور مکیش کمار چاولہ نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک کو خوشحالی کے ایک نئے دور سے ہمکنار کریگی۔جمہوریت کیلئے قربانی دینے والوں میں پی پی سر فہرست ہے اور اس کے قائدین کے لہو ہی سے وطن عزیز میں جمہوریت کے چراغ روشن ہیں۔ یہ بات انہوں نے یوم تاسیس کے موقع پر لاہور میں ایک شاندار جلسے کے انعقاد پر چیرمین بلاول بھٹو زرداری، شریک چیرمین آصف علی زرداری، پارٹی کے دیگر رہنماوں اور جیالوں کو مبارکباددیتے ہوئے اپنے بیانات میں کہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک حقیقت ہے۔آج پوری قوم نوجوان قیادت بلاول بھٹو زرداری کی طرف امید بھری نظروں سے دیکھ رہی ہے اور وہ قوم کی توقعات پر پورا اٴْتریں گے۔ انہوں نے کہاکہ لاہور کے جلسے نے یہ بات ثابت کردی ہے کہ پنجاب کی عوام بھی پی پی کے ساتھ ہے اور تخت لاہور کے دن گنے جا چکے ہیں۔ صوبائی وزرائ جام مہتاب حسین ڈھر اور مکیش کمار چاولہ نے کہاکہ یوم تاسیس کی کامیاب تقریبات نے پاکستان پیپلز پارٹی میں ایک نئی روح پھونک دی ہے اور آئندہ عام انتخابات میں پی پی پورے ملک سے واضح کامیابی حاصل کرے گی۔