نیب ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کیلئے زیرو ٹالرینس کی پالیسی پر عمل درآمد کیلئے پرعزم ہے

چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کا نیب کے جائزہ اور نگرانی کے نظام میں پیشرفت سے متعلق اجلاس سے خطاب

جمعرات 1 دسمبر 2016 18:32

اسلام آباد ۔ یکم دسمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 دسمبر2016ء) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ مانیٹرنگ اینڈ ایولیوایشن کے نظام سے کارکردگی کے جائزے اور فیصلہ سازی میں مدد ملتی ہے۔ نیب ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کیلئے زیرو ٹالرینس کی پالیسی پر عمل درآمد کیلئے پرعزم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیب کے جائزہ اور نگرانی کے نظام میں حالیہ پیشرفت سے متعلق جائزہ اجلاس سے نیب ہیڈ کوارٹرز میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔

یہ نظام ادارے کی کارکردگی کا موثر طریقہ سے جائزہ لینے کے لئے نیب ہیڈ کوارٹرز اور علاقائی بیورو میں قائم کیا گیا ہے تاکہ نیب ہیڈ کوارٹرز میں ادارے کی آپریشنل مانیٹرنگ اینڈ ایولیوایشن صلاحیتوں میں اضافہ کیا جا سکے اور اس کے دوران مانیٹرنگ اینڈ ایولیوایشن کے بارے میں چیئرمین کے ایڈوائزر نے ادارے میں جائزہ اور نگرانی کے نظام میں حالیہ پیشرفت اور مستقبل کے اثرات سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کی ہدایت پر موثر نگرانی اور جائزہ کا نظام وضع کیا گیا ہے، اس کی نمایاں خصوصیات میں شکایات جمع کرانے، شکایات کی تصدیق، انکوائری انوسٹی گیشن، پراسیکیوشن سمیت ریجنل بورڈ، ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاسوں اور مقدمات اور فیصلوں کی تفصیل کا ریکارڈ رکھنا شامل ہے۔ اس کے تحت معیاری اور مقداری سیلوں کا بھی جائزہ لیا جاتا ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کو سزا دی جاتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مانیٹرنگ اینڈ ایولیوایشن کا نظام ویب سائیٹ پر مبنی ہے۔ نیب کے آپریشنل، مانیٹرنگ اور ایولیوایشن کی استعداد کار میں اضافہ کے لئے آن لائن رابطہ کا نظام وضع کیا گیا ہے۔ چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے کہا کہ نگرانی اور جائزہ کے نظام کا مقصد ادارہ جاتی لائحہ عمل کا موثر طور پر عمل درآمد یقینی بنانا ہے اور نیب کے آپریشنل نگرانی اور جائزہ کی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس نظام سے ادارے کی کارکردگی کے معیار کا جائزہ لینے میں مدد ملتی ہے۔ مانیٹرنگ اینڈ ایولیوایشن کے نظام سے متوقع نتائج اخذ کرنے اور ان پر عمل درآمد کے حوالے سے نمایاں پیشرفت ہوتی ہے اور وسائل کو درست طریقے سے استعمال کرنے کی راہ متعین کی جا سکتی ہے جو حتمی نتائج اخذ کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اس اقدام سے نتائج اور اثرات کے تناظر میں موجودہ نتائج اور مستقبل میں انتظامی اقدامات کو بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ نظام اہم انتظامی امور کو درست سمت میں گامزن کرنے اور فیصلہ سازی میں معاون اور ماضی، حال اور مستقبل کے اقدامات کو ملانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے نیب کے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ نیب انتظامیہ میں مختلف سطحوں پر ادارہ جاتی بہتری میں اپنا کردار ادا کریں۔ چیئرمین نیب نے اپنے اس عزم کا اعادہ کیا کہ نیب میرٹ، پیشہ واریت اور شفافیت پر عمل کرتے ہوئے ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے نیب کے تمام علاقائی بیوروز کو ہدایت کی کہ وہ نیب راولپنڈی میں شروع کئے گئے جائزہ اور نگرانی کے پائلٹ پراجیکٹ پر عمل درآمد کرتے ہوئے قانون کے مطابق شکایات کی جانچ پڑتال، انکوائریاں اور انوسٹی گیشنز نمٹائیں۔

متعلقہ عنوان :