مشکل حالات میں نیلم کے عوام کو کسی طور پر تنہا نہیں چھوڑا جائیگا ،راجہ محمد فاروق حیدر

حکومت لائن آف کنٹرول پر فائرنگ سے نیلم میں پیدا ہونیوالے حالات کی بہتری کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیگی،نیلم ویلی کے وفد سے گفتگو

جمعرات 1 دسمبر 2016 17:19

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 دسمبر2016ء) وزیر اعظم آزا د جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ مشکل حالات میں نیلم کے عوام کو کسی طور پر تنہا نہیں چھوڑا جائیگا حکومت لائن آف کنٹرول پر فائرنگ سے نیلم میں پیدا ہونے والے حالات کی بہتری کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے گی ۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے مظفرآباد میں نیلم ویلی کی قیادت کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

وفد کی قیادت سپیکر قانون سازاسمبلی شاہ غلام قادر نے کی جبکہ وفد میںمسلم کانفرنس کے مفتی منصور الرحمن ، پاکستان تحریک انصاف کے الحاج گل خنداں ، میاں اخلاق رسول اور راجہ الیاس خان شامل تھے ۔ اس موقع پر سپیکر اسمبلی شاہ غلام قادر نے نیلم ویلی کی موجودہ صورتحال کے بارے میں وزیر اعظم آزا د کشمیر کو بریفنگ دی اور موجودہ حالات سے آگاہ کیا جبکہ حاجی گل خنداں ، مفتی منصور الرحمن ، میاں اخلاق الرسول ، راجہ الیاس خان نے بھی نیلم کی موجودہ صورتحال اور نیلم کے مسائل وزیر اعظم کے سامنے رکھے ۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ نیلم کے جغرافیائی حالات ریاست کے دیگرعلاقوں سے مختلف ہیں اور نیلم کے عوام کی قربانیاں سب سے زیادہ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آزاد حکومت نیلم کے تمام حالات سے باخبر ہے اور ریاست پوری کوشش کررہی ہے کہ نیلم کے عوام کے مسائل کو فوری حل کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ نیلم میں خوراک کی وافر مقدار اور ہسپتالوں میں ادویات کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے گا۔

راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ نیلم کے عوام کی سہولت کی خاطرحکومت اپنے تمام وسائل کو بروئے کار لائے گی اور انہیں کسی بھی صورت تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ راجہ فاروق حیدر خان نے وفد کو یقین دہانی کروائی کے وادی نیلم کے مسائل وزیر اعظم پاکستان کے سامنے رکھے جائیں گے ۔ راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ میں اور سپیکر اسمبلی شاہ غلام قادر آپس میں رابطہ میں ہیں اور آپ کو حکومتی اقدامات سے ہر وقت باخبر رکھیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ نیلم سے جو لوگ سرحدی کشیدگی کی وجہ سے گھر بار چھوڑ کر دوسری جگہ منتقل ہو گئے ہیں حکومت ان کی مشکلات سے باخبر ہے اور ان سے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام بالخصوص لائن آف کنٹرول پر رہنے والے لوگ اپنے مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں اور بہنوں کو یقین دلاتے ہیں کہ جدوجہد آزادی میں وہ ان کے ساتھ ہیں ۔ ملاقات میں وزیر اعظم پاکستان کی مسئلہ کشمیر کے حل کے سلسلہ میں کی جانے والی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا گیا ۔

متعلقہ عنوان :