وزیراعظم محمد نواز شریف نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی فائرنگ سے شہید اور زخمی ہونیوالوں کیلئے مالی امداد کی منظوری دیدی، رقم آزاد کشمیر حکومت کے حوالے کردی

محمد نواز شریف کشمیریوں سے خصوصی محبت اور لگائو رکھتے ہیں، مالی امداد پر ان کے شکر گزارہیں،راجہ محمد فاروق حیدر مودی سرکار مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کی کارروائیوں کے بعد اب لائن آف کنٹرول پر بھی نہتے عوام کو گولیوں کا نشانہ بنا رہی ہے،یہ ظلم و جبر زیادہ دیر نہیں چل سکتا،وزیراعظم آزاد کشمیر

جمعرات 1 دسمبر 2016 17:19

وزیراعظم محمد نواز شریف نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی فائرنگ سے شہید ..
مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 دسمبر2016ء) وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی فائرنگ سے شہید ہونے والی(39)شہداء کیلئے ( 3)کروڑ( 90)لاکھ روپے ، شدید زخمی /معذو ر ہونیوالی( 128)افراد کیلئے (2)کروڑ(56)لاکھ روپے ، گولہ باری سے مکمل طور پر تباہ ہونے والی(4)مکانوں کے مالکان کیلئے (40)لاکھ روپے اور جزوی طور متاثر ہونے والی( 73)مکانوں کے مالکان کیلئی( 3)کروڑ(65)لاکھ روپے ، کل رقم (10)کروڑ( 51)لاکھ روپے کی مالی امداد کی منظوری دیتے ہوئے مطلوبہ رقم حکومت آزاد کشمیر کے حوالے کر دی ہے ۔

حکومت پاکستان کی جانب سے اضافی ملنے والی اس مالی امداد سے (39)شہداء کے ورثاء کو فی کس (10)لاکھ روپے ، شدید زخمی / معذور ہونے والی( 128)زخمیوں کو فی کس( 2)لاکھ روپے اور مکمل طور پر تباہ ہونے والی( 4)مکانات کے مالکان کو فی کس( 10)لاکھ روپے ، جزوی طور پر تباہ ہونے والے (73)مکانوں کے مالکان کو فی کس( 5)لاکھ روپے مالی امداد دی جائیگی۔

(جاری ہے)

یہ مالی امداد اس مالی امداد کے علاوہ ہوگی جو قبل ازیں حکومت آزاد کشمیر متاثرین کو دے رہی ہے ۔

یاد رہے کہ حکومت آزاد کشمیر پہلے ہی بھارتی فائرنگ سے شہید ہونے والوں کے ورثاء کو فی کس( 3)لاکھ روپے ، شدید زخمی / معذور ہونے والوں کو فی کس( 1)لاکھ (50)ہزار روپے اور مکمل طور پر معذور ہونیوالوں کو فی کس( 2)لاکھ ، پختہ مکان کے نقصان کے مالک کو فی کس( 1)لاکھ روپے ،جزوی طور پر متاثرہونے والے مکان کے مالک کو(60)ہزار روپے کی مالی امداد دے رہی ہے ۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کنٹرول لائن پر بھارتی فائرنگ کے متاثرین کیلئے خصوصی مالی امداد دینے پر وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کا شکریہ ادا کیاہے ۔ انہوں نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کشمیریوں سے خصوصی محبت اور لگائو رکھتے ہیں ۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر بھرپور انداز سے اٹھانے کے علاوہ ہر مشکل وقت میں کشمیریوں کی مدد کی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی مودی سرکار مقبوضہ کشمیر کے اندر ظلم و بربریت کی کاروائیوں کے بعد اب لائن آف کنٹرول پر بھی نہتے عوام کو گولیوں کا نشانہ بنا رہی ہے۔ یہ ظلم و جبر زیادہ دیر نہیں چل سکتا۔ بھارتی سرکار کو بہر صورت مسئلہ کشمیر حل کرنا ہوگاورنہ خطہ کی سلامتی اور بھارت کی سا لمیت بھی خطرے میں پڑ سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر رہنے والے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں ۔

وہ بھارتی عزائم کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہیں ۔ پاکستان کی سا لمیت کشمیریوں کو اپنی جانوں سے بھی زیادہ عزیز ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف آزاد کشمیر کی خوشحالی و ترقی کیلئے خود دلچسپی لے رہے ہیں اس کیلئے میں حکومت آزاد کشمیر اور کشمیری عوام کی طرف سے ان کا شکرگزار ہوں ۔