صوبائی حکومت کی خصوصی ہدایت پر محکمہ خوراک کاکریک ڈاون

جمعرات 1 دسمبر 2016 15:10

قلندرآباد ۔ یکم دسمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 دسمبر2016ء) صوبائی حکومت کی خصوصی ہدایت پر محکمہ خوراک ایبٹ آبادنے ،قلندرآباد بازار سے مہم کا آغازکردیا ،غیر معیاری اشیاء خوردونوش ،ناپ تول میں کمی ،صفائی کے ناقص انتظامات اور ناغے کے روز کباب فروخت کرنے پر ڈیڑھ درجن سے زائد دکاندار گرفت میں آگئے ،25کلو ذبح شدہ مرغی کا گوشت ضبط کرلیاگیا ۔

گذشتہ روز ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر شاد محمد خان ،اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر عظمیٰ شاہ ،فوڈ انسپکٹر پرستان خان نے اپنی ٹیم کے ہمراہ قلندرآباد بازار میں بھرپور کارروائی کا آغاز کیاہے،جس کے تحت بازار میں بیکری کارخانوں ،ہوٹلوں ،بیکری ،جنرل سٹورز ،مرغ شاپ،فاسٹ فوڈزکارنرز،نانبائیوں اور کباب فروشوں کے معائنے کے دوران صفائی کے ناقص انتظامات ،زائدالمعیاد اشیاء خورونوش ،ناپ تول میں کمی اور صفائی کے نامناسب انتظامات پر ڈیڑھ درجن سے زائد دکانداروں کیخلاف کارروائی کی گئی ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ مذکورہ کارروائی قلندرآباد کی تاریخ میں پہلی بار ہوئی جہاں محکمہ خوراک کے اہلکاروں نے بیکری گوداموں اور کارخانوں کا معائنہ کیا،جبکہ ایک کارخانہ کے مالک کو صفائی ستھرائی کے معیاری انتظامات کرنے پر ڈی ایف سی شاد محمد خان نے موقع پر ایک ہزارروپے نقد انعام بھی دیا ،دوسری جانب خلاف ضابطہ ذبح شدہ مرغی کا گوشت فروخت کرنے والے دکاندار سے 25کلو گرام گوشت بھی ضبط کرتے ہوئے مذکورہ دکاندار کیخلاف کارروائی اور بھاری جرمانہ عائد کردیا گیا ۔

بعدازاں صحافیوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے ڈی ایف سی شاد محمد نے کہا کہ عظمیٰ شاہ کی ایبٹ آباد میں بطور اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر تعیناتی سے ان کی ٹیم مضبوط ہوگئی ہے اور صوبائی حکومت کی جانب سے بھی روزانہ کی بنیادپر ضلع بھر میں ناقص اشیاء خورونوش کیخلا ف کریک ڈائون کی ہدایت کی گئی ہے ،جس کے تحت آج قلندرآباد سے اس خصوصی مہم کا آغاز ہوچکا ہے ،انہوں نے کہا کہ عوام کو خالص اور معیاری اشیاء خورونوش کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے اور متعلقہ محکمے اس سلسلے میں ہر قسم کے دبائوسے بالاتر ہوکر کاروائیاں کرتے رہیں گے ۔

جبکہ اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر عظمیٰ شاہ کا کہنا تھا پورے ضلع میں غیر قانونی اور غیر معیاری اشیاء خورونوش فروخت کرنے والے عناصر کیخلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھیں گے ۔