مظفرآباد ‘آن لائن نیوز سروس ’’اوورسیز نیوز‘‘ نے با ضابطہ طور پر کام کا آغاز کر دیا

جمعرات 1 دسمبر 2016 13:56

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 دسمبر2016ء) آزادکشمیر کے دارلحکومت مظفرآباد میں پہلی بار آن لائن نیوز سروس نے با ضابطہ طور پرکام کا آغاز کر دیا ،وزیرتعلیم سکولز و کالجز بیرسٹر افتخار گیلانی، ممبر اسمبلی راجہ عبدالقیوم خان ، پیر سید علی رضا بخاری نے آن لائن نیوز سروس کا افتتاح کیا۔ ’’ اوورسیز نیوز‘‘ آن لائن کے چیف ایڈیٹر نوجوان صحافی سید کفایت حسین نقوی نے شرکاء تقریب کو اخبار کے حوالہ سے بریفنگ دی۔

اس موقع پر وزیر تعلیم سکولز و کالجز بیرسٹر سید افتخار گیلانی ،ایم ایل اے راجہ عبدالقیوم خان ،پیر سید علی رضا بخاری ، چوہدری شفقت ایڈووکیٹ و دیگر کا کہنا تھا کہ آزادکشمیر میں آن لائن نیوز سروس کے اجراء پر ’’اوورسیز نیوز ‘‘ کی پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے ۔

(جاری ہے)

افراتفری کے اس دور میں عوام کو حالات حاضرہ سے آگاہ رکھنے کے لئے اس قسم کی سروسز اہم کردار ادا کریں گی۔

میدان صحافت میں روزنامہ اوورسیز نیوز آن لائن شجر سایہ دار ثابت ہو گا جس کے ثمر اور چھائوں سے تمام لوگ مستفید ہونگے۔آن لائن نیوز سروس کے چیف ایڈیٹر سید کفایت نقوی نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اوورسیز نیوز تارکین وطن کشمیریوں کو اپنے وطن کے بدلتے ہوئے حالات سے آگاہ رکھے گا، آزادکشمیر و پاکستان کے عوام بیرون ملک مقیم اپنے بھائیوں کی سرگرمیوں سے آگاہ رہیں گے،انہوں نے بتایا کہ خبروں، اشتہارات و مراسلات کے علاوہ ، صحت ،ٹیکنالوجی کی معلومات سمیت دلچسپ و عجیب معلومات کی فراہمی بھی یقینی بنائی گئی ہے ۔

اس موقع پر سنٹرل یونین آف جرنلسٹس ضلع مظفرآباد کے صدر مسعود عباسی،عنصر صدیق خواجہ، شبیر اعوان ، اقبال میر،سید تصدق شاہ سمیت سیاسی ،سماجی رہنمائوں نے بھرپور شرکت کی اور آن لائن نیوز سروس کے آغاز کو سراہتے ہوئے پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کی ۔