کشمیر کے بالائی علاقوں میں برفباری، میدانوں میں بارش، سرینگرکرگل شاہراہ بند کر دی گئی

سرینگر ہوائی اڈے پر کالے بادل اور دھند، 26پروازیں اڑان نہ بھر سکیں

جمعرات 1 دسمبر 2016 13:56

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 دسمبر2016ء) وادی کے بالائی علاقوں میں ایک مرتبہ پھر ہلکی برف باری اور شہر سرینگر سمیت وادی کے اکثر میدانی علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی۔ اس دوران محکمہ موسمیات نے اگلے کچھ دنوں تک وادی میں موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ آنے والے دنوں میں رات کے کم سے کم درجہ حرارت میں مزید کمی واقع ہو گی۔

اس دوران شدید دھند کی وجہ سے ایک مرتبہ پھر سرینگر ہوائی اڈے سے کئی پروازیں منسوخ ہوئیں۔ اگرچہ شہر میں چند منٹوں کیلئے معمولی بارشیں ہوئی،تاہم اس بارش نے شہر میں چلنے والے لوگوں کو دکانوں اور پیڑوں کے سائے میں رہنے پر مجبور کر دیا۔بارش کے بعد آسمان پر کالے بادل چھائے رہے۔ کالے بادلوں اور شدید دھند کی وجہ سے ایک مرتبہ پھر فضائی ٹریفک متاثر ہوا۔

(جاری ہے)

ائرپورٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ صبح کے وقت دھند میں تھوڑی بہت بہتری کے پیش نظر چار ہوائی جہازوں نے اڑان بھری تاہم 26پروازیںاڑان نہیں بھر سکیں۔اتھارٹی کا کہنا ہے پچھلے دو ہفتوں سے وادی میں شدید دھند کی وجہ سے پروازیں متاثر ہو رہی ہیں۔ اس دوران گلمرگ ، سونہ مرگ ،گریز اور کپوارہ کے بالائی علاقوں میں بھی تازہ برف باری ہونے کی اطلاعات ہیں۔

سیاحتی مقام سونہ مرگ میں تازہ برف باری ہوئی ہے۔برف باری کی وجہ سے پھسلن پیدا ہو جانے کے نتیجے سرینگر۔لداخ شاہراہ کو احتیاطی طور بند کر دیا گیا ہے۔ سونہ مرگ میں ڈیڈ انیچ ،زوجیلا میں چھ انچ ، جبکہ گمری اور منی مرگ میں بھی چھ انچ برف ریکاڑر کی گئی ہے۔آخری اطلاعات ملنے تک ان علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری تھا۔گلمرگ میں بھی ہلکی برف باری اور بارشیں ہونے کی اطلاعات ہیں۔

کپوارہ کے بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری ہوئی ہے ، نستہ چھن گلی، فرکیا ں گلی اور مڑھل کی زیڈ گلی پر ایک انچ کے قریب برف جمع ہوئی جبکہ راشن پورہ ،فرکن ،کاچہامہ ،بنگس ،بڈنمبل اور مژھل کے پہاڑوں پر بھی سفید چادر بچھ گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے صوبائی ڈائریکٹر سونم لوٹس نے بتایا کہ اگلے کچھ دنوں تک وادی میں موسم خشک رہے گا۔

متعلقہ عنوان :