سعودی عرب میں طوفانی بارش کے بعد سیلاب نے تباہی مچادی،7افراد جاں بحق ،متعدد زخمی

طوفانی بارشوں سے کئی مکانات تباہ ،سڑکیں زیر آب آنے سے گاڑیاں پھنس گئیں، شہروں میں نکاسی آب کا نظام درہم برہم شہریوں اور تارکین وطن کو بارش کے دوران غیرضروری طورپرگھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت

جمعرات 1 دسمبر 2016 13:23

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 دسمبر2016ء) سعودی عرب میں طوفانی بارش کے بعد سیلاب نے تباہی مچادی جس کے نتیجے میں 7 افراد زندگی کی بازی ہارگئے جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں کے نتیجے میں کئی مکانات تباہ ہوگئے۔

(جاری ہے)

سیلابی ریلوں نے بڑی تعداد میں گھروں کونقصان پہنچایا متعدد بہہ گئے۔

سڑکیں زیر آب آنے سے کئی گاڑیاں پھنس گئیں۔ بارش سے مختلف حادثات میں 7 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔کئی شہروں میں نکاسی آب کا نظام درہم برہم ہوکر رہ گیا ہے۔ بین الاقوامی شاہراہ کے مختلف حصے سیلاب میں بہہ گئے ہیں۔ حکام نے شہریوں اور تارکین وطن کو خبردار کیا ہے کہ وہ بارش کے دوران غیرضروری طورپرگھروں سے باہر نہ نکلیں۔