جھنگ:پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 78 میں ضمنی انتخاب کے لئے پولنگ کا عمل جاری

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 1 دسمبر 2016 12:12

جھنگ:پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 78 میں ضمنی انتخاب کے لئے پولنگ کا عمل ..

جھنگ(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ یکم دسمبر۔2016ء) پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 78 میں ضمنی انتخاب کے لئے پولنگ کا عمل جاری ہے۔ پی پی 78 جھنگ میں ضمنی الیکشن کے لئے پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گا۔ حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 16 ہزار 562 ہے جن میں سے ایک لاکھ 18 ہزار 627 مرد ووٹر جب کہ 90 ہزار 635 خواتین ووٹرز ہیں۔

جھنگ میں پولنگ کے کے لئے 171 پولنگ اسٹیشنز اور 418 پولنگ بوتھز قائم کئے گئے ہیں جن میں سے 17 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔ کسی بھی نا خوشگوار واقعہ اور دھاندلی کو روکنے کے لئے تمام پولنگ اسٹیشنز پر پاک فوج اور ر ینجرز کے جوان اندر اور باہر تعینات ہیں، پولیس کی نفری کے علاوہ رینجرز کی 7 اور پاک فوج کی ایک کمپنی کو الیکشن کے دوران تعینات کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

رینجرز اور فوج کے جوانوں کو ایک دن کے لئے مجسٹریٹ درجہ اول کے خصوصی اختیارات دیئے گئے ہیں۔مسلم لیگ (ن) کے حاجی ناصر آزاد انصاری، تحریک انصاف کے شیخ ارفا مجید، پیپلز پارٹی کے سرفراز ربانی، عوامی تحریک کے رانا نسیم اور آزاد امیدوار مولانا مسرور نواز جھنگوی سمیت 25 امیدوار میدان میں ہیں تاہم مسلم لیگ (ن) کے امیدوار حاجی ناصر اور آزاد امیدوار مولانا مسرور نواز کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے۔واضح رہے کہ پی پی 78 جھنگ کی نشست مسلم لیگ (ن) کی امیدوار راشدہ یعقوب کو نا اہل قرار دیئے جانے کے بعد خالی ہوئی تھی۔ سپریم کورٹ نے راشدہ یعقوب کو اثاثے ظاہر نہ کرنے پر نا اہل قرار دیا تھا۔

متعلقہ عنوان :