Live Updates

ٹرمپ بھی نواز شریف کو پاناما اسکینڈل سے نہیں بچا سکتے۔چاہے نومنتخب امریکی صدر کا کوئی خط بھی کیوں نہ آجائے۔عمران خان

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 1 دسمبر 2016 11:49

ٹرمپ بھی نواز شریف کو پاناما اسکینڈل سے نہیں بچا سکتے۔چاہے نومنتخب ..

ا سلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ یکم دسمبر۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے وزیراعظم نواز شریف اور نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹیلیفونک گفتگو پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرمپ بھی نواز شریف کو پاناما اسکینڈل سے نہیں بچا سکتے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں عمران خان کا کہنا تھا، اچھی خبر یہ ہے کہ ٹرمپ اور نواز شریف کی بات چیت ہوئی، لیکن وزیراعظم نواز شریف کے لیے بری خبر یہ ہے کہ نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی انھیں پاناما اسکینڈل سے نہیں بچا سکتے، چاہے ٹرمپ کا کوئی خط بھی کیوں نہ آجائے۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز وزیراعظم نواز شریف نے ڈونلڈ ٹرمپ کو فون کرکے انھیں امریکی صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی تھی جبکہ منتخب امریکی صدر نے نواز شریف کو سراہتے ہوئے ان سے جلد ملنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نوازشریف نے امریکی صدر کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی جس پر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کو دورہ ضرور کرنا چاہیں گے۔

دوسری جانب اپنی ٹوئیٹ میں ڈونلڈ ٹرمپ کے خط کا ذکر کرکے عمران خان نے قطر کے سابق وزیر خارجہ شہزادہ حماد بن جاسم بن جبر الثانی کے اس تحریری بیان پر بھی تنقید کرڈالی، جسے سپریم کورٹ میں پاناما لیکس پر درخواستوں کی سماعت کے دوران وزیراعظم نواز شریف کے بچوں کے وکیل اکرم شیخ نے 15 نومبر کو پیش کیا تھا۔اس کے بعد سے ہر ایک کی زبان پر قطر سے آنے والے اس خط کے ہی چرچے ہیں، جس میں شہزادہ حماد بن جاسم کا کہنا تھا کہ ان کے والد اور نواز شریف کے والد کے درمیان طویل عرصے سے کاروباری تعلقات تھے اور ان کے بڑے بھائی شریف فیملی اور ان کے کاروبار کے منتظم تھے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات