نہتے کشمیریوں کیخلاف ریاستی دہشت گردی تھمنے کا نام نہیں لے رہی‘کل جماعتی حریت کانفرنس

بھارت جموںوکشمیر پر اپنے غیر قانونی قصبے کو برقرار رکھنے کیلئے انتہائی مکارانہ حربے استعمال کر رہا ہے

جمعرات 1 دسمبر 2016 11:40

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 دسمبر2016ء)مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بھارت جموںوکشمیر پر اپنے غیر قانونی قصبے کو برقرار رکھنے کیلئے انتہائی مکارانہ حربے استعمال کر رہا ہے اور نہتے کشمیریوں کے خلاف اسکی ریاستی دہشت گردی تھمنے کا نام نہیں لے رہی۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ دنیا کے کسی بھی خطے میں پر امن مظاہرین کیخلاف مہلک ہتھیاروں کا ستعمال نہیں کیا جاتا لیکن بھارت نے گزشتہ چار ماہ کے دوران مہلک پیلٹ بندوق سے سینکڑوں کشمیریوںکو بصارت سے محروم کر دیا۔

ترجمان نے کہا کہ قابض بھارتی فورسز مقبوضہ علاقے کے اطراف و اکناف میں سفاکیت کا مظاہرہ کر رہی ہیںاور یہاں کا ہر گھر اور ہر فرد انکے ظلم و ستم سے متاثر ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے ماہرین امراض چشم کے ان بیانات پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا ہے جن میں کہا گیا ہے کہ پیلٹ چھروں میں موجود زہریلا مواد آنکھوں کے پردوں کی تباہی کا موجب بن جاتا ہے ۔ ترجمان نے اس صورت حال کو انتہائی گھمبیر اور پریشان کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کا سب سے بڑا جمہوری ملک کہلوانا والا بھارت اپنا پیدائشی حق، حق خود ارادیت مانگنے کی پاداش میں کشمیریوں کو بدترین انتقام کا نشانہ بنا رہا ہے ۔