یاسین ملک کا غیرقانونی طور پر نظر بند کشمیریوں کی حالت زار پر اظہار تشویش

بھارت جبر و استبداد کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبا نہیں سکتا،چیئرمین لبریشن فرنٹ

جمعرات 1 دسمبر 2016 11:28

سرینگر۔ یکم دسمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 دسمبر2016ء) مقبوضہ کشمیرمیں جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے تھانوں اور جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیریوں کی حالت زار پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محمد یاسین ملک نے سرینگر میںجاری ایک بیان میں کہا کہ نظر بندوںکاکوئی پرساں حال نہیں اور انہیں طبی سمیت تمام بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے۔

انہوںنے کہاکہ شوپیان تھانے میں حراست کے دوران انہوں نے مشاہدہ کیا کہ یہاں سردی سے بچنے کے لیے بھی ہیٹر وغیرہ کا کوئی انتظام نہیں ہے۔ محمد یاسین ملک نے کہا کہ نظر بندوں کو جسمانی اور ذہبی تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوںنے کہا کہ نظر بندوں کے اہلخانہ جب ان سے ملاقات کے لیے آتے ہیں تو جیل انتظامیہ کی طرف سے انہیں بھی تذلیل کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

محمد یاسین ملک نے کہا کہ بھارت اپنے جبر و استبداد کے ذریعے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے میں ہرگز کامیاب نہیں ہوگا۔ محمد یاسین ملک نے نظر بند لبریشن فرنٹ کے نائب چیئرمین ایڈوکیٹ بشیر احمد بٹ، نائب چیئرمین شوکت احمد بخشی اورزونل صدر نور محمد کلوال، زونل نائب صدر محمد یاسین بٹ، زونل آرگنائزر بشیر احمد کشمیری، ضلع صدر گاندربل بشیر احمد راتھر( بویا)، سینئر اراکین فیاض احمد ، شبیر احمد گنائی ، مولوی ریاض احمد،مشتاق احمد میر ،اسدللہ شیخ ، محمد اسحاق ملک ،صاحب خان غلام محی الدین اور دیگر کی مسلسل غیر قانونی نظر بندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بے گناہ شہریوں کی گرفتاری اور ان کے خلاف کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کا اطلاق ، رات کے وقت گھروں پر چھاپے اور ظلم و ستم کی دیگر کارروائی سے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو ہرگز دبایا نہیں جاسکتا ۔

محمد یاسین ملک نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی، میرواعظ محمد عمر فاروق ،آسیہ اندرابی، آغا سید حسن الموسوی الصفوی، شبیر احمد شاہ، محمد اشرف صحرائی،بلال احمد صدیقی، محمد اشرف لایا، میر حفیظ اللہ ، غلام نبی زکی ، محمد ایاز اکبر ،ظفر اکبر بٹ اور دیگر کی غیر قانونی نظر بندی کی بھی شدید مذمت کی۔ دریں اثنا محمد یاسین ملک نے شہید غلام محی الدین میر المعروف حیدر علی ، شہید غلام احمد میرالمعروف جمال الدین ،عبدالجبار گنائی لمعروف امجد، عبدالحمید لون المعروف آزاد اور شہید تنویر احمد گنائی کو انکی شہادت کی برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ۔

انہوں نے تنظیم کے کارکن غلام حمد ڈارعرف آصف ساکنہ گنگ بگ حید ر پورہ کے انتقال پر سخت رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ایک انتہائی دلیر،جری اور تحریک نواز شحض تھے۔ انہوں نے مرحوم کے بلندی درجات اورلواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔