حکومت پنجاب زراعت اور لائیو سٹاک پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ،ڈی سی ا و

بدھ 30 نومبر 2016 23:25

رحیم یار خان۔30 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 نومبر2016ء) ڈی سی ا و رحیم یارخان جمیل احمد جمیل نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کی سربراہی میں زراعت اور لائیو سٹاک پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ، زراعت ہمارے ملک کا سب سے اہم شعبہ ہے جسے ماضی میں نظر انداز کیا گیا مگر موجودہ حکومت نے اس شعبہ کی اہمیت اور افادیت کو سمجھتے ہوئے اس میں اصلاحات لانے کے لئے عملی اقدامات کئے جس کے تحت آج فی ایکڑ کاشت میں خاطر خواں کمی واقع ہوئی ہے اورکسان خوشحالی کی جانب گامز ن ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی جانب سے بیوہ اور مستحق خواتین میں مویشی تقسیم کرنے کے تیسرے مرحلے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جلد وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کاشتکاروں کے لئے بلا سود قرضوں کے پروگرام کا افتتاح کر رہے ہیں جبکہ وفاقی اور صوبائی حکومت کاشتکاروں کو بجلی، کھاد اور زرعی آلات پر سبسڈی مہیا کر رہی ہے جس پر اربوں روپے لاگت آرہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کا بیوہ اور مستحق خواتین میں مویشی تقسیم کرنے کا اقدام قابل تحسین ہے جس سے ہماری مائوں اور بہنوں کو نہ صرف باعزت روزگار مہیا ہو گا بلکہ لائیو سٹاک جو کہ ایک اہم شعبہ ہے اس میں بھی بہتری آئے گی۔ضلعی صدر مسلم لیگ(ن) میاں خالد شاہین نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف عوامی خوشحالی کے ایجنڈا پر گامزن ہیں اور مخالفین کے پاس بہتان تراشی کے علاوہ کوئی ملک وقوم کی فلاح کا ایجنڈا نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی ترجیحات کا محور عوامی خوشحالی ہے جس پر وہ کامیابی سے گامزن ہے ۔سید مظہر الحق بخاری اور چوہدری محمد یٰسین نے کہا کہ لائیو سٹاک کا فروغ موجودہ حکومت کا اہم کارنامہ ہے اور اس پروگرام کے تحت جس طرح میرٹ پر بیوہ اور مستحق خواتین میں مویشی تقسیم کئے جا رہے ہیں اس کے دور رس نتائج سامنے آئیں گے۔اس موقع پر ای ڈی او زراعت ظفر یاب حیدر ، ڈائریکٹر لائیو سٹاک ، ڈی او لائیو سٹاک ڈاکٹر محمد طاہر و دیگر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے احکامات اور سیکرٹری لائیو سٹاک نسیم صادق کی ہدایت پر مویشی تقسیم کرنے کے اس تمام عمل کو نہایت شفاف رکھا گیا ہے اور جس کے تحت ضلع رحیم یار خان کی چاروں تحصیلوں میں185بیوہ و مستحق خواتین میں فی کس دو عدد اعلیٰ نسل کی بکریاں اور بھیڑیں بذریعہ قرعہ اندازی تقسیم کی جا رہی ہے اور اس میں تمام بکریوں اور بھیڑوں کی جی پی ایس ٹیگ اور مخصوص نمبرز لگائے گئے ہیں تاکہ بوقت ضرورت ان کی نشاندہی کی جا سکے۔

انہوں نے بتایا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ تقسیم کئے جانیو الے جانوروں کی انشورنس بھی کرائی گئی ہے کہ اگر کسی حادثہ یا بیماری کے باعث کوئی جانور مر جائے تو اس کے مالک کو نئے جانور 15یوم میں فراہم کئے جائیں گے جس کے لئے جانور پر محکمہ لائیو سٹاک کا ٹیگ اور مخصوص نمبر ہونا لازمی ہے ۔تقریب میں کثیر تعداد میں خواتین اور دیگر افراد نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :