پاکستان پیپلز پارٹی کا 49واں یوم تاسیس بھر پور طریقے سے منایا گیا

بی بی شہید صرف سیاستدان ہی نہیںایک بینظیر لیڈر تھیں،ہم ایک نیا ایجنڈا لے کر آئیں گے جو پاکستان کے لئے مکمل پریکٹیکل پراگریسو پلیٹ فارم ہوگا ،چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا تقریب سے خطاب

بدھ 30 نومبر 2016 23:25

لاہور۔30 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 نومبر2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کا 49واں یوم تاسیس بھر پور طریقے سے منایا گیا،اس سلسلہ میں صوبائی دارالحکومت لاہور میں بلاول ہائوس لاہور یوم تاسیس کی مرکزی تقریب منعقد ہوئی جس میں بختاور بھٹو ، آصفہ بھٹو ،اپوزیشن لیڈرسید خورشید شاہ ، سید یوسف رضا گیلانی،راجہ پرویز اشرف، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ،سردار لطیف کھوسہ، قمر زمان کائرہ، نثار کھوڑو ، شوکت بسرا سمیت ملک بھر سے آئے ہوئے پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں نے شرکت کی ،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی لاہور میں پارٹی کا 49واں یوم تاسیس منا رہی ہے ، لاہور داتا کی نگری ہے ، لاہور پاکستان کی دل کی دھڑکن ہے ، لاہور روشن پسندوں کا شہر ہے اوراسی شہر سے پیپلز پارٹی کا جنم ہوا تھا ، انہوںنے کہا کہ جب 1986ء میں بی بی شہید پاکستان واپس لوٹی تھیں تو دنیا کے کسی لیڈر کا اس طرح استقبال نہیں ہوا تھا ، اس روز لاہور میں عوام کا سمندر تھا۔

(جاری ہے)

دنیا میں کون سی ایسی خاتون ہے جس نے اتنی کم عمر میں آمروں کا مقابلہ کیا ہو ۔ انہوں نے کہا کہ کیا بی بی شہید کے ساتھ عوام کا سمندر نہیں ہوتا تھا لیکن انہوںنے کبھی راولپنڈی میں دھرنا نہیںدیا ،کسی چوک میں دھرنا نہیں دیا ،کسی کوگالی نہیں دی ،ریاستی اداروں پر حملہ نہیں کیا کیونکہ بی بی شہید صرف سیاستدان ہی نہیں ایک بینظیر لیڈر تھیں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان اور چاروں صوبوں کی زنجیر کے طور پر جانی جاتی ہے اسے توڑنے کی کوشش کی گئی مگر پیپلز پارٹی کا ہر دور میں نیا جنم ہوا اور یہ پہلے سے زیادہ طاقت سے ابھر کر سامنے آئی ۔ آج بھی اسی شہر لاہور میں پاکستان پیپلز پارٹی جنم لے رہی ہے ، ہم پورے ملک میں ضلع کی سطح پر تنظیم سازی کے عمل سے گزر رہے ہیں ،انٹر اپارٹی انتخابات کی طرف بڑھ رہے ہیں ،جو بھی عہدے دئیے گئے ہیں ان کی 27دسمبر کو پارٹی کی سی ای سی کے اجلاس میں توثیق ہو گی ۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ایک نیا منشور لانا ہے ،ہم ایک نیا ایجنڈا لے کر آئیں گے جو ایسا ایجنڈا ہوگا جو پاکستان کے لئے مکمل پریکٹیکل پراگریسو پلیٹ فارم ہوگا ،اسی پلیٹ فارم کے تحت جمہوری اصلاحات کے لئے جدوجہد کریں گے ، ہر سطح پر اصلاحات ہوں گی،پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پارٹی کی تنظیم سازی اور تنظیم نو کا عمل بھی شرو ع کر دیا گیا ہے ، ہم ناراض لوگوں کو منانے کے لئے ان کے پاس جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھٹو شہید ، بی بی شہید نے محروم اور پسے ہوئے طبقات کی خوشحالی کا جو خواب دیکھا تھا ہم اسکے مطابق چلیں گے۔ بھٹو شہید نے پسے ہوئے طبقات کے مسائل کو دیکھتے ہوئے نئی فکر اور جہد کا آغا ز کیا ۔ اس موقع پر دیگر پارٹی رہنمائوں نے بھی خطاب کیا ۔