ملتان ،گیس کی لوڈ شیڈنگ کیخلاف خواتین کا چولہے اور ڈنڈے اٹھا کر سوئی نادرن حکام کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

گیس کی لوڈشیڈنگ سے میاں بیوی کے درمیان جھگڑے کے واقعات بڑھ گئے ہیں ،خواتین مظاہرین

بدھ 30 نومبر 2016 21:42

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 نومبر2016ء) ملتان میں گیس کی لوڈشیڈنگ سے گھریلو جھگڑے بڑھنے پر خواتین نے چولہے اور ڈنڈے اٹھا کر سوئی نادرن حکام کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور وہاڑی چوک کو بلاک کر حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔ بستی نوراں والی کی خواتین نے احتجاجی مظاہرے کے دوران وہاڑی چوک کو ٹریفک کیلئے بلاک کر دیا جس کی وجہ سے شہریوں اور خواتین کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر احتجاجی مظاہرے میں شامل خواتین کا کہنا تھا کہ گیس کی لوڈشیڈنگ سے میاں بیوی کے درمیان جھگڑے کے واقعات بڑھ گئے ہیں جس سے طلاق کی شرح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس کا چیف جسٹس آف پاکستان بھی نوٹس لیں۔ مظاہرین نے کہا کہ بلوں کی ادائیگی کے باوجود گیس دستیاب نہیں، جبکہ ایل پی جی کی قیمتیں نے معاشی مسائل مزید بڑھا دئیے ہیں جس پر گھریلو اور کمرشل دونوں صارفین ہی سڑکوں پر سرا پا احتجاج ہیں۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ سوئی نادرن حکام گیس کی صرف شیڈول کیمطابق لوڈشیڈنگ کو یقینی بنائیں بصورت دیگر مشتعل مظاہرین پیراں غائب آفس کے گھیرائو جلا پر مجبور ہو جائیں گی۔