شہبازشریف کی نابینا پوزیشن ہولڈر طالب علم عامر شہزاد کو گلے لگا کر شاباش

عامر شہزاد کی تعلیم اور خاندان کی دیکھ بھال کے اخراجات برداشت کرنے کا اعلان

بدھ 30 نومبر 2016 21:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 نومبر2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ایوان اقبال میں پوزیشن ہولڈرز طلبا و طالبات میں نقد انعامات اور سرٹیفکیٹس تقسیم کرنے کی تقریب میں اپنی تقریر کا آغاز انگریزی میں کیا، تاہم بعد میں انہوں نے زیادہ تر خطاب قومی زبان اردو میں کیا۔ وزیراعلیٰ نے مظفرگڑھ کے گائوں گل والہ، خان گڑھ کے رہائشی پوزیشن ہولڈر نابینا طالب علم محمد عامر شہزاد کی محنت اور ہمت کو شاندر انداز میں سراہا۔

عامر شہزاد نے جب اپنی تقریر ختم کی تو وزیراعلیٰ اپنی نشست سے اٹھ کر اس ہونہار طالب علم کے پاس گئے اور اسے گلے لگا کر شاباش دی اور اس سے شفقت کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے اپنی تقریر میں عامر شہزاد کے تعلیمی اخراجات اور اس کے خاندان کی دیکھ بھال کیلئے اخراجات برداشت کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جب تک عامر شہزاد تعلیم حاصل کرنا چاہے گا، حکومت پنجاب اس کے تمام تعلیمی اخراجات اٹھائے گی تاہم عامر کو اپنی کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھنا ہوگا جبکہ اس کے خاندان کی دیکھ بھال کے اخراجات بھی پنجاب حکومت برداشت کرے گی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے اپنی تقریر میں دانش سکول رحیم یار خان کی طالبہ شامزہ عادل (Shamza Adil) کی قابلیت اور ذہانت کو بھی خاص طو رپر سراہا اور کہا کہ اس بچی کے والد چھابڑی لگاتے ہیں لیکن اس بچی نے محنت اور ہمت سے تعلیم کے میدان میں کامیابی حاصل کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب میں کئی مواقع پر اشعار بھی پڑھے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان تمام تر مسائل پر قابو پاتے ہوئے وہ مقام ضرور حاصل کرے گا جس کا خواب قائدؒ اور اقبالؒ نے دیکھا تھا۔

متعلقہ عنوان :