سسٹم خرابی کے باوجود گزشتہ سال کے مقابلے میں 50فیصدزیادہ گوشوارے جمع

بدھ 30 نومبر 2016 20:29

ملتان۔30 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 نومبر2016ء)انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کے نئے سسٹم کی خرابی کے باوجود 30نومبر کی شام تک ریجنل ٹیکس آفس (آرٹی او)ملتان میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 50فیصدزیادہ گوشوارے جمع کرائے گئے ہیں ۔کمشنر انکم ٹیکس نے ’’اے پی پی ‘‘کوبتایاکہ15نومبر کے بعد 30نومبرتک گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ برھائی گئی تھی ،15نومبرتک 16ہزار گوشوارے جمع ہوئے تھے جبکہ ’’مینول‘‘ طریقے سی30نومبرکی شام تک ساڑھے چھ ہزار انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرائے گئے ہیں جبکہ ای سسٹم کے تحت جمع کرائے گئے گوشواروں کی تفصیل ایک دوروز میں حاصل ہوگی ۔

انہوںنے بتایاکہ گزشتہ سال 2015کے اسی عرصہ کے دوران ساڑھے تین ہزار گوشوارے جمع کرائے گئے تھے۔دریںاثناء کاروباری وتجارتی تنظیموں کے عہدیداران اسلام الدین شیخ ،خان درانی ،ڈاکٹرعابدملک ،غضنفرعباس ،حکیم الدین ،ملک ربانی ودیگرنے رابطہ پربتایاکہ گوشوارے جمع کرانے کاسسٹم’’آئرس‘‘میں باربارخرابی اورسروسرکے صحیح کام نہ کرنے کی وجہ سے تاجربرادری کوگوشوارے جمع کرانے میں شدیدمشکلات درپیش ہیں ۔

(جاری ہے)

اس سے حکومت کودرکار ٹیکس کی وصولی میں بھی کمی ہورہی ہے ،ہمارے باربار کے مطالبے کے باوجود’’آئرس‘‘سسٹم کوٹھیک نہیں کیاجاسکا۔انہوںنے کہاکہ اس سے قبل ’’پرال سسٹم ‘‘میں بھی بہت خرابیاں سامنے آئی تھیں جس کی وجہ سے ’’آئرس ‘‘سسٹم متعارف کرایاگیالیکن اس میں بھی اسی طرح کی خرابیاں سامنے آرہی ہیں ۔ہمارا حکومت سے مطالبہ ہے کہ کم ازکم گوشوارے جمع کرانے اورٹیکس وصولی کاسسٹم آسان اورتیزرفتارکیاجائے۔