صحت مند زندگی گزارنے کیلئے ہمیں نامیاتی خوراک کو اپنانا ہوگا، ڈاکٹر آصف علی

بدھ 30 نومبر 2016 20:27

ملتان۔30 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 نومبر2016ء) صحت مند زندگی گزارنے کیلئے ہمیں نامیاتی خوراک کو اپنانا ہوگا۔ نامیاتی خوراک سے نہ صرف مضر صحت کیمکلز سے چھٹکارہ حاصل ہوتا ہے بلکہ ان کیمیکلز کی وجہ سے رونما ہونے والی بیماریوں کے امکانات بھی ختم ہوجاتے ہیں۔ یہ بات وائس چانسلر محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر آصف علی نے پاکستان دہقان اسمبلی کے زیر اہتمام ’’کنسلٹیشن آن پنجاب آرگینک فارمنگ ایکٹ 2016‘‘ کے موضوع پر منعقدہ سیمینار کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے مزید کہا کہ دنیا میں آرگینک خوراک کی مانگ روز بروز بڑھ رہی ہے جس کیلئے ہمیں تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد حکمت عملی مرتب کرنے اور قانون سازی میں بھی مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈائریکٹر کاٹن ڈاکٹر صغیر احمد، ڈائریکٹر مینگو ریسرچ انسٹیٹیوٹ ڈاکٹر حمید اللہ، ڈسٹرکٹ آفیسر زراعت توسیع چوہدری نصیر احمد، اسسٹنٹ ڈائریکٹر زرعی اطلاعات نوید عصمت کاہلوں، ڈاکٹر دلباغ، مرکزی صدر کسان بورڈ پاکستان جام حضور بخش ، فیاض الحسن بھٹہ سمیت کسان تنظیموں کے نمائندگان اور کاشتکاروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر سماجی تنظیم کے مینجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر شاہد ضیاء نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں نامیاتی خوراک کی طلب میں بتدریج اضافہ ہورہاہے جس کے پیش نظر حکومت پنجاب آرگینک فارمنگ کو فروغ دینا چاہتی ہے ۔ مینیجنگ ڈائریکٹر نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب آرگینک فارمنگ کی ترقی کیلئے آرگینک ایکٹ متعارف کرارہی ہے جس کے ذریعے کاشتکاروں خصوصاً چھوٹے کسانوں کی صلاحیتوں میں نہ صرف اضافہ ہوگا بلکہ ان قوانین سے فائدہ اٹھا کر نامیاتی طور پر پیدا شدہ فصلات و سبزیات کا بہتر طور پر معاوضہ حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ آرگینک فارمنگ سے زمینوں کی صحت میں بہتری کے ساتھ ماحول پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے اس کے علاوہ کاشتکاروں کو بھی معقول منافع حاصل ہوگا۔ اس سلسلہ میں حکومتی سطح پر ادارے کسانوں کی معاونت کریں تو پاکستان میں بھی نامیاتی خوراک پیدا کرنے کے عمل کو تیزی سے ترقی دی جاسکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نامیاتی زراعت سے پنجاب کی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری تنظیم کے تحت پنجاب میں 4ہزار کسانوں کو آرگینک فارمنگ کی ٹریننگ دی جارہی ہے ۔

متعلقہ عنوان :