سی پیک کے روٹ پر بڑے ریلوے اسٹیشنوں کو اپ گریڈ کر دیا گیا،ڈویژنل سپریٹنڈنٹ ریلوے

ملک کی21 بڑے اسٹیشنوں کی اپ گریڈیشن جاری ہے، وقار شاہد کی گفتگو

بدھ 30 نومبر 2016 18:32

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 نومبر2016ء) ڈویژنل سپریٹنڈنٹ ریلوے وقار شاہدنے کہا ہے کہ محکمہ ریلوے اب ماضی کا محکمہ نہیں رہا،ریل کا پہیہ پہلے سے زیادہ ترقی کر رہا ہے ،عوام کو سستی اور بہترین سفری سہولیات کے لئی21 ریلوے اسٹیشنوں کی اپ گریڈیشن اور تعمیرو مرمت کی جا رہی ہے۔بدھ کے روز ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریلوے اسٹیشن حافظ آباد کے دورہ کے موقعہ پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔

اسٹیشن ماسٹر احسان اللہ سمیت ریلوے کے دیگر افسران بھی انکے ہمراہ تھے ۔ ڈی ایس ریلوے کا کہنا تھا کہ محکمہ ریلوے کے معاملات اب پہلے سے بہت بہتر ہیںاور لوگ اب ریل کے سفر کو ترجیح دے رہے ہیں۔ملک بھر کے بڑے ریلوے اسٹیشنوں پشاور،کوئٹہ،فیصل آباد،گوجرانوالہ،سیالکوٹ،نارووال،ملتان،اوکاڑہ،ساہیوال کی اپ گریڈیشن کا کام تیزی سے جاری ہے۔

(جاری ہے)

انکا کہنا تھا کہ سی پیک منصوبے کی افادیت اور عوام تک اسکے بہتر ثمرات کے لئے محکمہ ریلوے بھی بھر پور اقدامات کر رہا ہے۔ سی پیک کے روٹ پر آنے والے بڑے ریلوے اسٹیشنوں کو پہلے مرحلہ میں اپ گریڈ کیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ مختلف روٹس پر بند ہونے والی ٹرینوں کا جلد بحال کرنے پر غور کیا جا رہا ہے انکا کہنا تھا کہ وزیر آباد فیصل آباد سیکشن پر چلنے والی سمہ سٹہ ٹرین کو بھی جلد بحال کیا جائیگا کیونکہ یہ ٹرین حافظ آباد،سانگلہ ہل،وزیر آباد ،فیصل آباد اور بہاولپور سمیت دیگر علاقوں کے مسافروں کے لئے ایک اچھی ٹرین ہے اس سے نہ صرف عوام کو فائدہ ہو گا بلکہ محکمہ کے ریونیو میں بھی اضافہ ہو گا ۔

حافظ آباد ریلوے اسٹیشن کی حالت زار بارے سوال کے جواب میں ڈی ایس ریلوے کا کہنا تھا کہ جب اس سیکشن پر مزید ٹرینیں چلیں گی تو اسٹیشنوں کی حالت بھی بہتر ہو جائیگی اس موقعہ پر اسٹیشن ماسٹر احسان اللہ نے ڈی ایس ریلوے کو اسٹیشن کے مختلف حصوں کا دورہ کروایا اور انہیں بریفنگ دی۔

متعلقہ عنوان :