نئے سپہ سالارملک میں قیام امن کیلئے کرپشن اور دہشت گردی کا گٹھ جوڑختم کریں،چوہدری فیاض

معاشی دہشت گردی سے ہی عسکری دہشت گردی جنم لیتی ہے،صدر عوامی تحریک جنوبی پنجاب کا بیان

بدھ 30 نومبر 2016 18:32

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 نومبر2016ء) پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے صدر چوہدری فیاض احمد وڑائچ نے کہا کہ نئے سپہ سالار کو بہت سارے چیلنجز کا سامنا ہے جس میں اندرونی اور بیرونی خطرات شامل ہیں۔نئے آرمی چیف کو ملک میں قیام امن کیلئے کرپشن اور دہشت گردی کے گٹھ جوڑ کو توڑنا ہوگا۔گزشتہ روز ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ معاشی دہشت گرد اپنے آپ کو بچانے کیلئے عسکریت پسند گروہوں کی سرپرستی کرتے ہیں اور اس طرح معاشرے کا امن تہہ و بالا ہوجاتا ہے۔

معصوم لوگ لوگوں کی خون سے ہولی کھیلنے والوں کیلئے زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمدرآمد کو یقینی بنانا ہوگا۔انہوں نے کہا معاشرے سے دہشت گردانہ سوچ اور انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے قائد پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر طاہر القادری نے نصاب امن ترتیب دیا اور قرارداد امن پیش کی۔

(جاری ہے)

اسی قرارداد امن کو ملک کے ہر شہر تک پہنچانے کیلئے ڈاکٹر طاہر القادری کی یوتھ کراچی سے پشاور ضرب امن سائیکل کارواں لے کر چلی ہے۔

یہ کارواں پشاورمیں آرمی پبلک سکول کے طلباء کے ساتھ اظہار یکجہتی کرے گا۔انہوں نے کہا ضرب امن سائیکل کارواں کو جنوبی پنجاب سے گزرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔جنوبی پنجاب میں ضرب امن کی اشد ضرورت ہے۔اس خطے کو انتہا پسند گروہ اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کیلئے استعمال کرتے ہیں لہذا اس خطے کے عوام کو امن کا پیغام دینا اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے بیداری شعور مہم وقت کی ضرورت ہے جسے پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ کے بلند حوصلہ جوانوں نے پورا کیا ہے۔

پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے دیگر رہنمائوں سردار سیف اللہ خان سدوزئی،ڈاکٹر زبیر اے خان،رائو محمد عارف رضوی،چوہدری قمر عباس دھول،اللہ رکھا سیاف ایڈووکیٹ اورمزمل مصطفوی نے بھی ضرب امن سائیکل کارواں کے شرکاء اور مرکزی صدر مظہر محمود علوی کو فروغ امن کی عظیم کاوش پر مبارکباد پیش کی ہے۔

متعلقہ عنوان :